419

بھائی محمد حنیف کی یاد میں

نماز عشاء کے بعد مسجد سے نکلتے ہی گھر کی جانب ابھی چند قدم ہی اٹھے ہونگے فون آن کرتے ہی گھنٹی بجنے لگی دیکھا تو بھتیجی کی کال آرہی تھی اٹینڈ کرتے ہی خوف بھری آواز سنائی دی کہ آپ کدھر ہیں چاچو حنیف کی طبیعت خراب ہوگئی ہے جلدی پہنچیں سنتے ہی میرے اوسان خطا ہوگئے دوڑتا بھاگتا پہنچا تو بھائی چارپائی پر لیٹے پڑے ہیں ہاتھ سینے پر اور دربھری آوازیں نکل رہی ہیں بڑے بھائی بھابیاں اور بچے آگے پیچھے ہوئے کوئی سینے کو مَل رہے اور کوئی پاؤں کو مالش کررہے ہیں وہ کمرہ جس میں ہم روزانہ سب مل بیٹھ کر باتیں کرتے ایک دوسرے سے اپنے دکھ درد بانٹتے تھے ایک دوسرے کی خوشیاں بانٹتے تھے وہاں افراتفری کا ماحول پیدا ہوچکا تھا ہر کوئی مدد کرنا چاہ رہا تھا لیکن سب کے سب بے بس نظر آ رہے تھے۔

بگڑتی ہوئی صحت کی صورتحال کو بھانپتے ہوئے میں وقت ضائع کیے بغیر گاڑی لینے کیلئے دوڑا۔چند منٹ قبل تک صحت مند اور ٹھیک ٹھاک چلنے پھرنے والے بھائی کو سبھی نے اپنے ہاتھوں میں اٹھا کر گاڑی میں رکھا تو ہر آنکھ اشکبار اور لبوں پردعائیں تھیں پریشانی اور افراتفری کے عالم میں گاڑی گاؤں کے لوکل روٹ پر انتہائی تیز رفتاری سے چلاتے ہوئے دیکھ کر راستے میں چلنے پھرنے والے اہل محلہ بھی حیران و پریشان ہورہے تھے کہ اتنی بھی کیا جلدی ہے اللہ خیر کرے۔ فرنٹ سیٹ پر لیٹے ہوئے بڑے بھائی کی زبان پر درد ہی درد کی رٹ تھی چہرہ و پیشانی پسینہ سے شرابور تھے ان کی ہائے ہائے کی آوازیں دل کو چیر تی جارہی تھیں آنسوؤں سے میرا چہرہ تر ہو چکا تھا لیکن اس کے باوجود اللہ تعالیٰ نے میرے اندر ہمت وحوصلہ اور صبروتحمل پیدا کیا تھا

بھائی کے سینے سے اٹھنے والے درد و تکلیف کو برداشت کی طاقت پیدا ہوچکی تھی حوصلے بلند رکھتے ہوئے آدھے گھنٹے کے قلیل وقت میں ہم امراض قلب ہسپتال کی ایمرجنسی میں پہنچے تو تسلی ہوئی کہ اب ان شاء اللہ شفاء ملے گی ابتدائی طبی امداد دیتے ہوئے ڈاکٹرز نے کہا کہ مریض کو شدید دل کا اٹیک ہوا ہے فوری طور پر ان کی انجیوگرافی کرنی ہوگی آپ اجازت نامہ پردستخط کریں پھر ویٹنگ ایریا میں چلے جائیں ضرورت پڑنے پر آپ سے رابطہ کرلیا جائے گا شدید اٹیک کا سن کر میں بھی سوچنے پر مجبور ہوگیا کہ عام طور پر یہ سوچا و سمجھا جاتا اور ڈاکٹرز کا بھی یہ کہنا ہے

کہ مرغن غذاؤں کے استعمال اور سہل پسندی اور جسم کو حرکت نہ دینے والے افراد ہی دل کے عارضہ میں مبتلاء ہوتے ہیں لیکن میرے بھائی کا لائف سٹائل ان سے یکسر مختلف ہے وہ تو صبح پانچ بجے بیدار ہوتے ہیں دو گھنٹے تک وہ مسلسل گھر میں پالی گئی گائے بھینسوں کو چارہ ڈالنے اور دودھ دھونے کے معاملات میں گزارنے کے بعد ناشتہ کرکے ساڑھے سات بجے بچوں کی شفٹ لیکر سکول پہنچ جاتے ہیں وہاں ہی گاڑی کھڑی کر کے پنڈی پوسٹ مخلتف بازاروں کی ہر دکان پر دینے کے لیے گھنٹوں پیدل چلنا پڑتا ہے شفٹ سے گھر واپسی کے بعد بھی دوبارہ کھیتی باڑی اور جانوروں کے چارہ کاٹنے کے معاملات کرتے ہوئے شام ہوجاتی ہے انھوں نے گھر میں اپنے طور پر سبزیاں لگا رکھی تھیں سولہ گھنٹے اپنے آپ کو مسلسل مصروف اور جسم کو حرکت میں رکھنے والے میرے بھائی کو کیسے دل کی بیماری نے گھیر لیا ہے پھر سوچتا ہوں کہ بیماری بھی اللہ دیتا ہے

اور پھر شفاء بھی اسی کی جانب سے ہے اسی اثناء میں گارڈ مریض کا نام لیکر پکارتا ہے تو ہم دوڑتے ہوئے ایمرجنسی وارڈ میں جاتے ہیں تو ڈاکٹرز کہتے ہیں کہ مریض محمد حنیف کی انجیوگرافی اور ایک سٹنٹ بھی پڑا ہے لیکن سانس بحال نہیں ہورہا ہے جس کی وجہ سے وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا ہے ان کی صحت انتہائی تشویشناک ہے آپ لوگ دعا کریں یہ سنتے ہی ہمارے رونگٹے کھڑے ہوگئے میرے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ جس طرح دس سال قبل میرا چھوٹا بھائی محمد حبیب ایک ٹریفک حادثہ کا شکار ہوکر داعی اجل کو لبیک کہہ گیا تھا آج بڑے بھائی محمد حنیف بھی ہمیں ہمیشہ کے لیے سوگوار کرنے جارہے ہیں دس سال قبل برادر اصغر محمد حبیب کی ناگہانی موت کے بعد انہوں نے مجھے اکیلا پن محسوس نہ ہونے دیا

جس طرح چھوٹے بھائی نے میرے شوق میرے جنون پنڈی پوسٹ کو کندھا دیا ہوا تھا اس سے بھی بڑھ کر بھائی حنیف نے کندھا بننے کی کوشش کی بلکہ عملی طور پر میرے دست و بازو بن رہے ایک دن بھی جذبوں میں لغرش نہ آنے دی انہوں نے بارہ سال تک مسلسل پنڈی پوسٹ کو بطور کاروبار نہیں بلکہ ایک مشن کے تحت ہر گلی محلے اور دوکان پرپہنچا کر میرے حوصلے اور جذبہ کو تقویت پہنچائے رکھی خاندان و برادری میں بھی اپنی حاضری کو یقینی بنا کر کبھی ہماری کمی کو محسوس نہ ہونے دیا

حدیث نبویﷺ کے مفہوم کے مطابق مزدور اللہ کا دوست ہے بے شک بھائی ایک مزدور اور محنت کش تھے انھوں نے ساری زندگی اپنے ہاتھ سے حلال روزی کمانے کی کوشش کی شاید یہی وجہ تھی اللہ تعالی نے انھیں جمعتہ المبارک کا دن نصیب فرمایا جب جنازہ اٹھا تو ابرِ رحمت برس رہی تھی دعا ہے اللہ تعالیٰ ان کو جنت الفردوس میں بلند مرتبہ عطاء فرمائیں۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں