گوجرخان (نمائندہ پنڈی پوسٹ )حکومت پنجاب نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر گوجرخان میں اعلان کردہ دو میگا پراجیکٹس پر باقاعدہ عملی کام کا آغاز کر دیا ہے۔ منصوبوں کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن شروع کر دیا ہے۔
پہلے مرحلے میں میونسپل کمیٹی گوجرخان کی بیرونی دیواریں اور پارکنگ ایریا، جو تجاوزات کے زمرے میں آتے تھے، اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان خضر ظہور گورائیہ کی نگرانی میں چیف افیسر بلدیہ طارق ضیاء اور سی اینڈ ڈبلیو ایس ڈی او ہائی وے نوید اشرف کی قیادت میں عملے نے ہیوی مشینری کے ذریعے مسمار کر دیے۔
اہم ترقیاتی منصوبے
گوجرخان کے لیے اعلان کردہ ان منصوبوں کو شہر کی تاریخ کا اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے، جن میں شامل ہیں،دو جدید انڈر پاسز کی تعمیر،مرکزی شاہراہوں کی توسیع اور بحالی،سروس روڈز کو مختلف علاقوں سے منسلک کر کے ماڈل روڈز میں تبدیل کرنا۔
شہر کے دونوں اطراف کو مربوط کرنے کے لیے جدید یوٹرنز کا قیام ،جدید پارکنگ پلازہ کی تعمیر تاکہ ٹریفک کے دباؤ میں کمی لائی جا سکے،یہ جامع منصوبہ گوجرخان کی خوبصورتی، شہری ڈھانچے اور ٹریفک نظام میں نمایاں بہتری لائے گا۔
مارکنگ اور عملدرآمد کا سلسلہ جاری
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر انڈر پاسز، پارکنگ پلازہ، کشادہ سروس روڈز اور یوٹرنز کی تعمیر کے منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے مختلف محکموں کے باہمی اشتراک سے گزشتہ کئی روز سے عمارتوں کی مارکنگ کا عمل جاری ہے، جس میں بعض سرکاری عمارتیں بھی شامل ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تجاوزات کا خاتمہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے ناگزیر ہے۔ حکام کے مطابق ان ترقیاتی اقدامات سے شہریوں کو طویل المدتی سہولیات میسر آئیں گی اور گوجرخان کو ایک جدید اور منظم شہر بنانے میں مدد ملے گی۔
Discover more from pindipost.pk
Subscribe to get the latest posts sent to your email.