تھانہ دھمیال کا علاقہ دن بدن لیاری کا منظر پیش کرنے لگا، جہاں قانون کی رٹ کو کھلا چیلنج دیتے ہوئے خون کی ہولی کھیلی جانے لگی۔ چکری روڈ پیر مہر علی شاہ ٹاؤن میں لین دین کے تنازع پر ہونے والی فائرنگ نے پورے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا۔ ذرائع کے مطابق 25 سالہ سراج کو مخالفین نے فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا۔ اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا مگر وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
سراج کی ہلاکت کی خبر پھیلتے ہی علاقہ میدانِ جنگ بن گیا اور مشتعل لواحقین نے مبینہ طور پر فائرنگ میں ملوث افراد کے ایک نوجوان زین کو اغواء کر لیا۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ زین کو نامعلوم مقام پر لے جا کر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکا۔ یوں چند گھنٹوں کے اندر اندر ایک ہی تنازع نے دو نوجوانوں کی جان لے لی جبکہ علاقہ خوف، دہشت اور کشیدگی کی لپیٹ میں آ گیا۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ تھانہ دھمیال میں آئے روز فائرنگ، قتل اور جرائم کے بڑھتے واقعات نے شہریوں کو عدم تحفظ کا شکار کر دیا ہے، لوگ کھلے عام کہنے لگے ہیں کہ تھانہ دھمیال اب راولپنڈی نہیں بلکہ لیاری بن چکا ہے۔ پولیس نے دونوں واقعات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں