سلیم اختر راجپوت
کتنی عجیب بات ہے کہ جب اپنے گھر کے خوب صورت آنگن کی زرخیز مٹی اور صاف و شفاف پانی سے سیراب شدہ صحت مند سبزیوں کو چھوڑ کر سبزی منڈی سے مضر صحت،ملاوٹ زدہ پانی اور کیمیائی اثرات رکھنے والی کھادوں سے حاصل شدہ سبزی خریدی جائے،جب اپنے چمن میں کھلے گلوں کی مسحور کن خوش بو کو سونگھنے اور محسوس کرنے کی بجائے اپنے کمرے میں موجود گل دان کو مصنوعی پھولوں سے سجا کر رکھ لیا جائے ،
جب اپنے اردگرد موجود پیڑوں اور پودوں پر آزاد فضاؤں میں چہچہاتے خوش گلو پنچھیوں کے قدرتی موسیقی سے مزین مدھر نغمے سننے کی کوشش نہ کی جائے اور طویل سفر رقم دے کر طے کر کے شہر کی گھٹن زدہ فضا میں چڑیا گھر میں جا کر قفس میں ان مقید پرندوں اور جانوروں کو دیکھنے کے اسباب کئے جائیں جو خود ہی قید سے آزادی کے طلب گار ہوں،جب اپنے آس پاس کے حسین نظاروں،سر سبز و شاداب لہلہاتے ہوئے کھیتوں اور میدانوں کی موجودگی کے باوجود مصنوعی گھاس سے سجا کر تیار کردہ پارکوں کا رخ کیا جائے .
مجھے اس بات پر بھی حیرت ہوتی ہے کہ جب اپنے پاس اردو جیسی میٹھے لہجے والی زبان موجود ہے جسے پاکستان کے طول و عرض میں سمجھا اور بولا جاتا ہے اس کے باوجود اپنی دھرتی کے باسیوں کے دلوں سے جڑی زبان کو چھوڑ کر ایک بدیسی زبان انگریزی کو اختیار کرنے کی کوشش کی جائے اور سرکاری خط وکتابت بھی اس زبان میں کی جائے ،نجی تقریبات کے دعوت ناموں،شادی کارڈوں کے علاوہ اداروں اوردکانوں کے نام بھی انگریزی زبان میں ہی تحریر کر کے خوشی محسوس کی جائے جب کہ اس بدیسی زبان میں لکھی تحریر کو یہاں کے زیادہ تر لوگ سمجھنے سے ہی قاصر ہوں .
میں یہ سوچ کر بھی حیرت کے سمندر میں غوطہ زن ہو جاتا ہوں کہ پاکستان کے لوگوں پر انگریزی زبان کا اتنا خبط کیوں سوار ہے کہ وہ اردو کی تحریر اور پیغام لکھنے کے لیے بھی انگریزی کے حروف استعمال کرنے کو باعث فخر سمجھتے ہیں جب کہ اردو زبان کے حروف تہجی موجود ہیں انہیں کون سمجھائے کہ کہ ان کے اردو زبان کو رومن میں تحریر کرنے سے نادانستہ طور پر وہ اردو زبان کو اس کے حروف سے محروم کرنے کے پروپیگنڈے میں شامل ہو رہے ہیں .
اب تو یہ صورت حال ہو چکی ہے کہ کسی تقریب میں انگریزی میں بات کرنے کو باعث فخر سمجھا جاتا ہے اور اگر کوئی انگریزی زبان کے بجائے اردو زبان میں اپنے خیالات کا اظہار کرتا ہے تو اسے جاہل اور کم تر گردانا جاتا ہے اور طرح طرح کی باتیں کی جاتی ہیں کہ اسے تو انگریزی ہی نہیں آتی.
حال ہی میں شنگھائی تعاون تنظیم کے زیر انتظام بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے قلعے میں تہذیبی و ثقافتی ورثے کے بارے میں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے موسمیاتی تبدیلی کے وفاقی وزیر مصدق ملک نے رکن ممالک کے سامنے انگریزی زبان میں بات کرنے کی بجائے اردو زبان میں بات کرنے کو ترجیح دی اور کہا کہ اس جگہ سے تھوڑی ہی دور اردو زبان کے شاعر مرزا اسد اللہ خان غالب کا مزار ہے اور ان کے مزار سے کچھ ہی فاصلے پر حضرت نظام الدین اولیاء کا مزار ہے،مجھے زیب نہیں دیتا کہ میں انگریزی زبان میں گفتگو کروں.
مصدق ملک صاحب کو بھی انگریزی کی تقلید کرنے والوں نے تنقید کا نشانہ بنایا مگر جس طرح انہوں نے اردو زبان میں پاکستان کی تہذیب وثقافت کو دنیا کے سامنے پیش کیا اس سے بھارت سمیت دنیا بھر میں آپ کو سراہا جا رہا ہے،اگر آپ انگریزی زبان میں بات کرتے تو اسے بہت کم لوگ سمجھ پاتے جس کی وجہ سے آپ کی بات کا اثر اس طرح نہ ہوتا جس طرح اردو زبان کی وجہ سے ہوا ہے .جس طرح مصدق ملک نے قومی زبان میں گفتگو کر کے پاکستان کی حقیقی ترجمانی کی اسی طرح سب پاکستانیوں بشمول حکومتی عہدیداروں اور دیگر افراد کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ بھی ہر فورم پر اردو زبان میں ہی بات کرنے کو ترجیح دیں
کیونکہ
اردو زبان ہماری تہذیب وثقافت کی ترجمان ہے اور انگریزی کو اختیار کرنے کے لیے جتنے بھی جتن کر لیے جائیں اس میں کامیابی کے امکانات بہت کم ہیں،میری حکومت وقت سے اپیل ہے کہ عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے مطابق اردو زبان کے نفاذ کے لیے اقدامات اٹھانے کے احکامات جاری کیے جائیں اور حکومتی اداروں اور دیگر دفاتر میں خط وکتابت انگریزی کی بجائے اردو زبان میں کی جائے .اس کے ساتھ ساتھ تعلیمی نصاب انگریزی کی بجائے اردو زبان میں مرتب کیا جائے اس اقدام سے طلباء وطالبات کو نصاب سمجھنے میں آسانی رہے گی،عوامی سطح پر ہر پاکستانی کو چاہیے کہ خط وکتابت انگریزی زبان کی جگہ قومی زبان میں کریں،دعوت نامے،شادی کارڈ اردو زبان میں تحریر کروائیں،
اپنی گلیوں اور دکانوں کے نام بھی اردو میں لکھنے کو رواج دیں اور خاص طور پر اردو زبان کے الفاظ لکھنے کے لیے انگریزی زبان کے حروف تہجی کے استعمال سے گریز کریں اور اردو زبان کی ترویج و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں
Discover more from pindipost.pk
Subscribe to get the latest posts sent to your email.