راولپنڈی اور اسلام آباد میں  عام تعطیل کا اعلان اور بھاری گاڑیوں کا داخلہ بند ، وجہ سامنے آگئی

راولپنڈی/اسلام آباد (پنڈی پوسٹ نیوز) وفاقی دارالحکومت میں غیر ملکی وفود کی آمد اور پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے درمیان سہ فریقی دفاعی مذاکرات کے پیش نظر 27 نومبر بروز جمعہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں مقامی عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کی اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کا اجلاس 27 نومبر کو منعقد ہوگا، جس میں تینوں ممالک کے درمیان مکہ دفاعی معاہدے پر عمل درآمد اور دفاعی تعاون سے متعلق امور پر بات چیت متوقع ہے۔ غیر ملکی وفود کی آمدورفت کے باعث سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جس کے تحت مقامی تعطیل اور ٹریفک پابندیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق تعطیل اسلام آباد کی حدود میں ہوگی، تاہم پولیس، اسپتالوں، سی ڈی اے، ضلعی انتظامیہ اور دیگر لازمی خدمات کے ادارے معمول کے مطابق کام کریں گے۔

راولپنڈی میں بھی 27 نومبر کو ضلعی سطح پر مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ تاہم تعلیمی اداروں کے امتحانات اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے جبکہ ہنگامی خدمات سے متعلق ادارے فعال رہیں گے۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.