راولپنڈی (نمائندہ پنڈی پوسٹ) راولپنڈی کے علاقے اڈیالہ روڈ گلشن آباد میں نجی ٹی وی چینل کی خاتون اینکر پرسن رابعہ احسن کی گھر سے گولی لگی لاش برآمد ہوئی ہے۔ افسوسناک واقعے کے بعد پولیس نے مقتولہ کے شوہر احسن کو تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ مقتولہ کی شناخت رابعہ احسن کے نام سے ہوئی ہے جو نجی نیوز چینل میں بطور نیوز اینکر خدمات انجام دے رہی تھیں۔ پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کے شوہر احسن نے ابتدائی بیان میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ گولی جان بوجھ کر نہیں چلائی گئی بلکہ اچانک چل گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ گھر میں مقتولہ کی والدہ اور بہن بھی موجود ہیں، ان سے بھی واقعے کے متعلق پوچھا جا سکتا ہے۔
پولیس نے شوہر کو تحویل میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ واقعے کی اصل وجوہات اور حالات جاننے کے لیے قانونی و فرانزک کارروائی کی جا رہی ہے۔
واقعے نے صحافتی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔