پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا فیصلہ، پہلے مرحلے کی پولنگ 7 فروری 2027 کو ہوگی

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا فیصلہ، پہلے مرحلے کی پولنگ 7 فروری 2027 کو ہوگی

الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کی درخواست منظور کر لی، انتخابات مرحلہ وار ہوں گے، دیگر مراحل کا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے پہلے مرحلے کی پولنگ کے لیے 7 فروری 2027 کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق یہ فیصلہ پنجاب حکومت کی درخواست پر کیا گیا۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ شدید دھند، موسمی حالات اور انتظامی مشکلات کے باعث انتخابات 20 جنوری 2027 کے بعد کرائے جائیں۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے سماعت کے بعد صوبائی حکومت کی درخواست منظور کرتے ہوئے پہلے مرحلے کی پولنگ 7 فروری 2027 کو کرانے کا حکم دیا۔

الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ آئین اور قانون کے مطابق آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد اس کی بنیادی ذمہ داری ہے اور تمام امیدواروں کو یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے آئندہ مراحل کی تاریخوں، انتخابی شیڈول اور دیگر تفصیلات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔