راولپنڈی میں تھانہ دھمیال کی حدود میں زیرِ زمین سرنگ کھود کر پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ (پی او ایل) کی سپلائی لائن سے کروڈ آئل چوری کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملزمان نے پی او ایل کی مرکزی سپلائی لائن کے قریب ایک مکان کرائے پر حاصل کر رکھا تھا، جہاں سے زیرِ زمین سرنگ کے ذریعے تیل چوری کیا جاتا تھا۔ ملزمان نے اس مقصد کے لیے 181 فٹ طویل پائپ لائن بھی زیرِ زمین بچھا رکھی تھی۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان محمد ممتاز، شوکت اور محمد اکرام کو گرفتار کرلیا، جبکہ مکان میں بنائے گئے زیرِ زمین ٹینک سے 1,431 لیٹر کروڈ آئل بھی برآمد کیا گیا۔
واقعے کا مقدمہ پی او ایل کے سینئر ایگزیکٹو ایڈمن شاہد احمد کی درخواست پر درج کرلیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق کمپنی کی مرکزی لائن سے مجموعی طور پر 1,100 بیرل کروڈ آئل چوری کیا گیا، جس کی مالیت 2 کروڑ 32 لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔
مقدمے کے متن کے مطابق ملزمان نے کمپنی کی ہائی پریشر سپلائی لائن پر کلیمپ لگا کر پائپ منسلک کر رکھا تھا۔ ایف آئی آر میں مکان کے نگران شاہ محمد سمیت ساجد، اختر، حفظ الرحمٰن اور زاہد کو بھی تیل چوری میں ملوث قرار دیا گیا ہے۔
Discover more from pindipost.pk
Subscribe to get the latest posts sent to your email.