جماعت اسلامی کا 29 نومبر کو مینار پاکستان پر جلسے کا اعلان

لاہور(پنڈی پوسٹ نیوز)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ پٹرولیم لیوی کیخلاف جماعت اسلامی احتجاج سے دستبردار نہیں ہوئی، ہمارا مطالبہ ہے لیوی ختم ہونی چاہئے، 29 نومبر کو مینار پاکستان پر بڑا جلسہ کریں گے۔منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ احتجاج اور مذاکرات ساتھ ساتھ چلیں گے، 22 نومبر کو کوئٹہ میں بھی بڑا جلسہ ہوگا، پھر کے پی کے اور کراچی میں بھی جلسے ہوں گے، جماعت اسلامی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف جو جدوجہد کی اس کے نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں، جماعت اسلامی کا دباؤ نہ ہوتا تو حکومت ریلیف نہ دیتی۔

انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے، حکومت نے بتایا ہے کہ ڈیڑھ کروڑ افراد کو ریلیف دیا جارہا ہے، 800 سی سی گاڑیوں کے ساتھ 1300 سی سی گاڑیوں کو بھی پٹرول پر ریلیف دیا جائے، ٹریکٹر اور پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کو ریلیف ملنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سے مذاکرات کے 9 ادوار ہوچکے ہیں، حکومت نے لیوی سے متعلق بتایا کہ یہ آئی ایم ایف کا مسئلہ ہے، ہم نے لیوی کے خاتمے کے لیے واضح تجاویز پیش کی ہیں، ہم کہتے ہیں کہ حکومت بڑی گاڑیوں پر امپورٹ ٹیکس بڑھائے اورلیوی بھی ان گاڑیوں پر منتقل کردے، حکومت نے پٹرول کی قیمت 1000 روپے تک جانے کا عندیہ دیا تھا مگر جماعت اسلامی کی کوششوں سے قیمتوں کی کمی ہونا شروع ہوئی۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ 1800 سی سی سے بڑی گاڑی والا حکومت اور مافیا کا طبقہ ہوتا ہے، سیاسی جماعتوں میں لوگوں کی عیاشیاں لگی ہوتی ہیں، تمام سیاسی جماعتوں میں بڑی گاڑیوں کا لشکر ہوتا ہے، جن کی آمدن نظر نہیں آتی وہ عوام کے پیسوں سے بڑی گاڑیاں رکھتے ہیں، بڑی گاڑیوں کا امپورٹ ٹیکس بڑھائیں، لیوی ان پر عائد کریں۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ آئل ریفائنریز کی نشاندہی بھی جماعت اسلامی نے کی، عوام پر بوجھ ڈال کر ریفائنریز کو فائدہ پہنچایا گیا، پاکستان میں آئل ریفائنریز، چینی، گیس، آٹا اور آئی پی پیز مافیاز کا کارٹیل ہے، اس کارٹیل میں حکومت اور اپوزیشن کی کوئی تمیز نہیں ہے، یہ کارٹیل مل کر عوام کا خون نچوڑ رہا ہے۔

پنجاب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ مریم نواز کی حکومت نے زراعت اور تعلیم کو مکمل تباہ کر دیا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب سکولوں میں بچوں کے ساتھ تصویریں بنواتی ہیں مگر یہ نہیں بتاتی نویں میں 52 فیصد بچے فیل کیوں ہوئے؟۔