راولپنڈی(نمائندہ پنڈی پوسٹ)راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز راولپنڈی پولیس کی جانب سے سکیورٹی اور ٹریفک کے مؤثر انتظامات کیے گئے ہیں۔ سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا کی ہدایات پر تقریباً 6 ہزار پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی اور ٹریفک ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق میچ کے دوران سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کے لیے سینئر افسران فیلڈ میں موجود ہیں، جو مختلف مقامات پر تعینات پولیس فورس کو چیک کرنے کے ساتھ ضروری بریفنگ بھی دے رہے ہیں۔ اسٹیڈیم اور اطراف کی سکیورٹی مزید مؤثر بنانے کے لیے بلند عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ سیف سٹی پراجیکٹ اور دیگر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے اسٹیڈیم اور گردونواح کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ سکیورٹی صورتحال مانیٹر کرنے اور فوری رابطہ کاری کے لیے خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔پولیس کی تھانوں کی موبائل ٹیمیں، ایلیٹ فورس اور ڈولفن سکواڈ اسٹیڈیم کے اطراف مسلسل گشت کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔
شہریوں اور کرکٹ شائقین کی آمدورفت کو آسان بنانے کے لیے خصوصی ٹریفک انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے مختلف شاہراہوں اور داخلی و خارجی راستوں پر اہلکار تعینات ہیں تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے اور شائقین کو اسٹیڈیم تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
سی پی او حسن مشتاق سکھیرا کے مطابق راولپنڈی ٹیسٹ میچ کے دوران کھلاڑیوں، آفیشلز، شائقین اور شہریوں کے تحفظ کے لیے فول پروف سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے پولیس افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی ڈیوٹیاں پوری ذمہ داری، مستعدی اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں۔