فریڈرک گوئبلز جرمنی کے شہر راہٹ کا رہنے والا تھا۔ اس کے ہاں ایک ایسے بیٹے کی پیدائش ہوئی جوبچپن میں ہی پولیو کا شکار ہو گیا تھا۔ بعد ازاں وہ بچہ پولیو کا شکار ہونے کی وجہ سے تھوڑا لنگڑا کر چلتا تھا ۔ جس کی وجہ سے وہ فوج میں بھرتی نہ ہو سکا ۔ لیکن اس نے اپنی اس کمزوری کو اپنے اوپر حاوی نہ ہونے دیا۔ اور وہ ایک اعلیٰ پائے کا مقرر بن گیا ۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ پراپیگنڈا کا ماہر تھا ۔ اسی شاطر رحجان کی وجہ سے وہ جرمنی کے آمر ایڈولف ہٹلر کا وزیر برائے پراپیگنڈا بن گیا ۔ اس کا نام تھا جوزف گوئبلز ۔ جوزف گوئبلز کا مشہور مقولہ تھا کہ جھوٹ اتنا زیادہ بولو اور مسلسل اس نہج میں بولو کے سننے والے اسی کو حقیقت سمجھ بیٹھیں، اسی کو سچ جانیں ۔
اس نے جرمن عوام کو نازی حکومت (ہٹلر ) کی حمایت پہ قائل کیا اور تاریخ کے اوراق میں ہٹلر کو ہمیشہ زندہ رکھا۔ تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں پراپیگنڈا وار بہت مقبول ہو چکی ہے ۔ جھوٹ اور سچ کی کثیر آمیزش نے حقائق کو دبیز تہوں میں لپیٹ کر عام عوام کو سچائی سے کوسوں دور کر دیا اور ایک نفسیاتی و ہیجانی کشمکش میں مبتلا کر دیا ۔ اس نفسیاتی کشمکش نے عام عوام تو کجا بعض اوقات مقبول و معروف شخصیات کو اس الجھن میں الجھا دیا کے حقائق کو عقل کی کسوٹی پہ پرکھا جائے یا پھر نظر کےسامنے موجود بھنور کو ہی حقیقت سمجھا جائے۔

عموماً اس طرح کے حربوں کو نفسیاتی جنگ میں شمار کیا جاتا ہے ۔ دشمن جب دو بدو جنگ میں وہ متوقع کامیابیاں حاصل نہ کر سکے جو وہ چاہتا ہے تو اسی طرح کے پراپیگنڈا اور نفسیاتی حربے استعمال کر کے بھولی عوام کے ذہنوں کو نہ صرف منتشر کرتا ہے بلکہ اپنے بیانیے کو ان کے ذہن میں راسخ کرنے کی تمام تر سعی کرتا ہے ۔ پراپیگنڈا وار میں میڈیا اور ذرائع ابلاغ کا کردار نہایت ہی اہمیت کا حامل ہوتا ہے ۔ دشمن نفسیاتی حربوں کی بدولت اور ذرائع ابلاغ کے ذریعے افراد یا معاشرے کے رویوں میں من پسند تبدیلیاں پیدا کر کے جنگ جیتنے کی تگ و دو کرتا ہے ۔ اور جب معاشرے کے افکارونظریات اعتدال سے ہٹ کر کسی من چاہے اور مخصوص ایجنڈا کے تابع ہو جائیں تو وہ معاشرہ بے ہنگم اور شتر بے مہار کی مانند ہو جاتا ہے
پراپیگنڈا کا تصور اگرچہ بہت پرانا ہے لیکن عصر حاضر میں یہ نہایت تیزی سے مقبول ہو رہا ہے ۔ موجودہ دور میں دو بدو جنگ سے اگرچہ گریز کیا جاتا ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ اس طرح کے نفسیاتی حربوں کو استعمال کر کے دشمن اپنا ایک ریاست مخالف بیانیہ وضح کرتا ہے اور ریاست کی عوام کے ذہنوں میں اس بیانیئے کو منتقل کرنے کی از حد کوشش کرتا ہے ۔ پہلے ادوار میں جنگیں روایتی انداز میں لڑی جاتی تھیں مگرڈیجیٹل میڈیا اور جدید آلات کی بدولت آج گھر بیٹھ کے بھی دشمن کی سرگرمیوں پہ نہ صرف نگاہ رکھی جا سکتی ہے بلکہ دشمن کے خلاف نفسیاتی جنگ بھی لڑی جا سکتی ہے ۔ جسے پراپیگنڈا وار بھی کہا جاتا ہے۔ نفسیاتی جنگ سے دشمن ممالک کی نوجوان نسل کی برین واشنگ یا دماغی تطہیر بھی کی جاتی ہے۔
دماغی تطہیر کے ماہر تھیوڈور ایڈورڈ کا کہنا ہے کہ میڈیا کے ذریعے لوگوں کو عقلی پسماندگی پر مجبور کیا جاسکتا ہے۔ جہاں تک اس بات کا تعلق ہے کہ میڈیا رائے عامہ ہموار کرتا ہے یا اس کی ترجمانی کرتا ہے تو ایسا نہیں ہے۔ بلکہ میڈیا جو چاہتا ہے لوگوں کو دکھاتا ہے اور پھر اسی کو رائے عامہ بنا دیتا ہے۔ امریکی ماہر نفسیات ہال بیکر کہتا ہے کہ اگر آپ چاہتے ہیں کہ امریکن کسی خاص نقطہ نظر کو قبول کر لیں تو آپ کو صرف رائے عامہ کا سہارا لینا ہو گا ۔ اور آپ کو یہ کہنا ہو گا کہ یہ عوام کی رائے ہے اور پھر اسے سماجی ذرائع ابلاغ پہ نشر کر دیں ۔ آج کے اس دور میں جہاں میڈیا چینلز کی بھر مار ہے وہیں سوشل میڈیا پہ کروڑوں لوگ موجود رہتے ہیں ۔ اور بیک وقت کئی سوشل پلیٹ فارمز پہ متحرک نظر آتے ہیں ۔ ہر شخص اپنا مطمح نظر اور نظریہ رکھتا ہے ۔
کوئی کسی جماعت سے وابستہ ہے تو کوئی کسی سے۔ ہم بحیثیت پاکستانی ہونے کے کسی حد تک جماعتی وابستگیوں میں بٹ گئے ہیں اور ان جماعتی نظریات کے پیروکار بن کر فرسودہ اور من گھڑت نظریات کو عقل کی کسوٹی پہ پرکھے بنا اسے دوسروں تک پہنچا دیتے ہیں یہ تصدیق کئے بنا کہ یہ بات درست بھی ہے کہ نہیں ۔ ہم اپنی پسند اور رحجان سے میل رکھنے والی کسی بھی خبر کو بنا جانچے بنا پرکھے دوسروں تک پہنچا دیتے ہیں۔ اچنبھے کی بات یہ ہے کہ عام آدمی کے ساتھ ساتھ اعلیٰ تعلیم یافتہ لوگ بھی اس طرح کی لہر کی روانی کے ساتھ ساتھ بہہ جاتے ہیں ۔
ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں 79 سے 80 ملین لوگ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز استعمال کرتے ہیں ۔ پراپیگنڈا وار یا کسی بھی معاشرے میں جھوٹ پہ مبنی جعلی خبروں کی تشہیر نہ صرف بین الاقوامی سطح پہ ایک گھمبیر مسئلہ ہے بلکہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کی قومی سلامتی کے لئے بھی ایک ناسور بن چکا ہے۔ اور دشمن ممالک اپنے مقاصد کو حاصل کرنے کیلئے ایسی جھوٹی اور بے بنیاد خبریں پھیلا کر نہ صرف معاشرے کی توجہ اپنی جانب مبذول کرواتے ہیں بلکہ معاشرتی رویوں پہ اثر انداز ہو کر سوچ کے بہاؤ کو بھی کنٹرول کرتے ہیں اور اس ملک کے باسیوں کو اسی ملک کے خلاف کر دینے کی انتھک جدوجہد کرتے ہیں۔
سوشل سائینسز سپیکٹرم میں شائع شدہ تحقیق کے مطابق پاکستان میں 500 افراد پہ مشتمل ایک سروے کیا گیا اس سروے میں سائبر سیکیورٹی ماہرین کے انٹرویوز ، پالیسی دستاویزات و علمی لٹریچر کا ثانوی تجزیہ بھی شامل تھا ۔ جس کے نتائج انتہائی حیران کن تھے۔ اس تحقیق کے مطابق پاکستان میں جعلی خبروں کا پھیلاو انتہائی عام ہے۔ فیس بک اور وٹس ایپ جیسی ایپلیکشنز اس ضمن میں بنیادی اہمیت کی حامل ہیں ۔ تحقیق کے مطابق 78.4 فیصد شرکاکو اکثر جعلی خبروں کا سامنا کرنا پڑا ، لیکن صرف 39.5 فیصد افراد ہی قابلِ اعتماد انداز میں ان کی درست شناخت کر سکے ۔
وینڈی ووڈ ایک امریکی ماہر نفسیات ہیں ان کا کہنا ہے کہ ایک فرد کی نسبت سوشل میڈیا صارفین جھوٹی خبریں اور جھوٹ پھیلانے کا بہت بڑا ذریعہ ہیں۔
اسی طرح جھوٹ اور بنا تحقیق کے مختلف ذرائع سے حاصل شدہ معلومات کے ذخیرے کو بنا تحقیق کئے اسے پھیلائے جانے کے بارے میں اسلامی تعلیمات کا مطالعہ کیا جائے تو اللہ رب العزت قرآن پاک میں فرماتے ہیں کہ اے ایمان والواگر تمہارے پاس کوئی فاسق شخص کوئی خبر لائے تو خوب تحقیق کر لیا کرو ایسا نہ ہو کہ تم کسی قوم کو لاعلمی میں نقصان پہنچا بیٹھو پھر تم اپنے کئے پر پچھتاتے رہ جاو۔ (سورہ حجرات ،6)
ابھی چند سال پہلے EU DISINFO LAB کی ایک رپورٹ میں یہ انکشاف کیا گیا کہ پاکستان کو بین الاقوامی سطح پہ بدنام کرنے کے لئےبھارت کے ایما پر کام کرنے والےنئی دہلی میں قائم SRIVASTAVA گروپ جس کے دفاتر بیلجئیم ، سوئٹزرلینڈ اور کینیڈا میں موجود تھے نے جھوٹی اور بے بنیاد خبریں پھیلا کر بین الاقوامی برادری کو پاکستان کے خلاف کرنے کی انتہائی کوششیں کیں۔ اس امر پہ مزید چھان بین سے معلوم ہوا کے گزشتہ 15 برسوں سے یہ گروپ جعلی ویب سائیٹس کی مدد سے پاکستان کے خلاف بہت بڑے پیمانے غلط اور جھوٹی خبروں پہ مشتمل پراپیگنڈا کر رہا تھا۔
یونیورسٹی آف ڈربی (برطانیہ ) کی ایک تحقیق کے طابق سوشل میڈیا کے مختلف ذرائع 42 فیصد تک جھوٹی اور جعلی خبریں پھیلانے کا ذریعہ ہیں ۔ ڈربی یونیورسٹی کی تحقیقات بتاتی ہیں کہ سوشل میڈیا استعمال کرنے والے بالغ افراد کی 45 فیصد تعداد جھوٹی خبروں کو اپنے موقف یا خیالات سے قریب تر سمجھتے ہوئے اس پر یقین کرنے پر مجبور ہوتی ہے۔آج سوشل میڈیا پہ بے شمار جعلی اکاونٹس کی بھر مار ہے جو کہ پاکستان دشمن ممالک معصوم پاکستانیوں کے ذہنوں کو نہ صرف پاکستان کے خلاف کرنے میں مگن ہیں بلکہ افواج پاکستان کے خلاف ایک مخصوص محاظ کھولا ہوا ہے تا کہ وطن عزیز کے باسیوں کو اپنے ہی محافظوں کے سامنے لا کھڑا کیا جائے۔
ہم دانستہ و غیر دانستہ کہیں دشمن کی اس پراپیگنڈا وار ، دھوکے اور فریب کا شکار تو نہیں ہو رہے ۔ اس کے لئے آپ سوشل میڈیا صارفین کے اکاونٹس کو دیکھنا ہو گا ۔ ان کو پرکھنا ہو گا ۔ جدید ذرائع استعمال کرتے ہوئے ان کی پڑتال کرنا پڑے گی۔ کہیں دشمن ہماری برین واشنگ تو نہیں کر رہا۔ ہمارے نوجوان نسل کے ذہنوں کو ذاتی مقاصد کے لئے استعمال تو نہیں کر رہا۔
دسمبر 2023ء کو اسلام آباد میں نیشنل فارمرز کنونشن کے دوران آرمی چیف جنر ل عاصم منیر کا یہ کہنا کہ ’’سوشل میڈیا کے ذریعے مایوسی، افراتفری کا ماحول پیدا کر کے جھوٹی خبروں کے ذریعے تاثر دیا جارہا ہے کہ جیسے ریاست اپنا وجود کھورہی ہے‘‘، بلاوجہ نہیں۔ سوشل میڈیا پر ایسی خبروں کا طوفان برپاہے جن کی وجہ سے یہ تاثر پھیلایا جا رہا ہے کہ ریاست پاکستان خدانخواستہ انتہائی کمزور ہو چکی ہے۔ لیکن حقیقت میںایسا ہر گز نہیں ہے ۔
فرانسیسی ماہر نفسیات گستاو لی بان اپنی کتاب THE CROWD: A STUDY OF POPULAR MIND میں انسانی نفسیات کا تجزیہ کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ انسان خواہ کتنا ہی مہذب ، باشعور اور تعلیم یافتہ کیوں نہ ہو وہ جب کسی مجمع یا گروہ کے زیر اثر رہتا ہے تو وہ اسی مجمع یا گروہ کی نفسیات اور کیفیات کے تابع رہتا ہے۔
اگر آپ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پہ ایک طائرانہ نظر ڈالیں تو معلوم ہو گا ان گنت ایسے اکاؤنٹس موجود ہیں جو پاکستان اور افواج پاکستان کے خلاف ایک منظم جھوٹی اور گمراہ کن مہم چلا رہے ہیں ۔ آرٹیفیشل انٹیلیجینس پہ مبنی ویڈیوز اپلوڈ کر کے وطن عزیز کے باسیوں کے ذہنوں میں انتشار پھیلانے کی تگ دو میں مصروف ہیں۔ تا کہ ہم وطنوں کو اپنی ہی افواج کے خلاف کر کے مذموم مقاصد حاصل کئے جا سکیں۔اور پاکستان کو کمزور کیا جا سکے۔پاکستان ایسی ریاست ہے جو ایک نظریہ پہ قائم ہوئی ہے اور وہ نظریہ لاالہ الااللہ ہے جو کبھی نہ مٹنے والا ہے۔ اس طرح کے منفی بے بنیاد جھوٹے اور فریب پہ مشتمل بیانئے اور پراپیگنڈا پاکستان کا بال بھی بیکا نہیں کر سکتا ۔ انشاء اللہ۔
مجھے ہے حکم اذاں لا الہ الااللہ
مدثر اقبال ایڈووکیٹ