انسان کی اصل پہچان اخلاق اور کردار


تحریر: فخرالزمان سرحدی
انسان کی عظمت اور بلند مرتبے کا راز حسنِ اخلاق، نرم دلی اور کردار کی پاکیزگی میں پنہاں ہے۔ عزت و احترام کا معیار دولت و ثروت، شہرت یا منصب نہیں بلکہ انسان کا اخلاق و کردار اور دوسروں کے ساتھ اس کا حسنِ سلوک ہے۔ نظامِ فطرت میں یہ حقیقت ہمیشہ سے مسلم رہی ہے کہ انسان کی اصل پہچان اس کے اعمال، رویوں اور کردار سے ہوتی ہے۔
زندگی کا سفر بہت مختصر ہے۔ گزرا ہوا وقت کبھی واپس نہیں آتا اور نہ ہی انسان کو زندگی کے ہر لمحے کو دوبارہ جینے کا موقع ملتا ہے۔ اس مختصر سفر میں انسان اپنے اخلاق، کردار اور اچھے اعمال کے ذریعے ایسی شناخت قائم کر سکتا ہے جو اس کے دنیا سے رخصت ہونے کے بعد بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ رہتی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ انسان کی شخصیت کا حسن اس کے لباس، ظاہری شان و شوکت یا دولت سے نہیں بلکہ اس کے رویوں اور اخلاقی اقدار سے نمایاں ہوتا ہے۔
بہترین انسان وہ ہے جو دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کرے، ان کے دکھ درد کو محسوس کرے اور مشکلات کی گھڑی میں ان کے کام آئے۔ جو انسان دوسروں کی عزتِ نفس کا خیال رکھتا ہے، کمزوروں کے ساتھ شفقت اور ضرورت مندوں کے ساتھ ہمدردی کا رویہ اختیار کرتا ہے، وہی حقیقی معنوں میں اعلیٰ کردار کا حامل ہوتا ہے۔ ایک اچھا مسلمان اپنے اخلاق و کردار کی بدولت دوسروں کے دلوں میں جگہ بناتا ہے۔ یہی اس کی حقیقی کامیابی اور ایک بامقصد زندگی کا روشن پہلو ہے۔
انسانی زندگی میں احترام، محبت، ہمدردی، رواداری اور خلوص بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ معاشرے کی خوبصورتی بھی انہی اوصاف اور اچھے اخلاق سے قائم رہتی ہے۔ جب انسان ان اعلیٰ اقدار کو فراموش کر دیتا ہے تو معاشرتی زندگی میں بے حسی، نفرت، خود غرضی اور مفاد پرستی جنم لینے لگتی ہے۔ پھر زندگی کا سفر آسان ہونے کے بجائے ایک آزمائش بن جاتا ہے۔ اس کے برعکس اچھے اطوار اور مثبت رویے زندگی میں حسن و دلکشی پیدا کرتے ہیں۔ سماج میں محبت بھری بادِ نسیم چلتی ہے اور الفت و اخوت کی کلیاں مسکرانے لگتی ہیں۔
امانت و دیانت، عدل و انصاف، صبر و تحمل، ایثار و قربانی اور رحم دلی وہ اوصاف ہیں جو انسانی کردار کو بلندی عطا کرتے ہیں۔ ان خوبیوں سے آراستہ انسان نہ صرف اپنی ذات میں ایک خوبصورت شخصیت کا مالک ہوتا ہے بلکہ اپنے اردگرد کے ماحول کو بھی خوشگوار بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ایسے لوگ معاشرے کے لیے روشنی کے مینار ہوتے ہیں، جن کی موجودگی دوسروں کے لیے حوصلے، امید اور خیر کا پیغام بنتی ہے۔
حضور نبی اکرم ﷺ کی حیاتِ طیبہ حسنِ اخلاق، عفو و درگزر، شفقت اور نرم دلی کا کامل نمونہ ہے۔ آپ ﷺ نے اپنے قول و عمل سے انسانیت کو محبت، برداشت اور حسنِ سلوک کا درس دیا۔ صحیح مسلم کی ایک حدیثِ مبارکہ کا مفہوم ہے:
”نرمی جس چیز میں بھی ہوتی ہے، اسے خوبصورت بنا دیتی ہے اور جس چیز سے نرمی نکال دی جاتی ہے، اسے عیب دار بنا دیتی ہے۔“
یہ تعلیم ہمیں بتاتی ہے کہ نرم گفتاری، خوش اخلاقی اور برداشت انسانی شخصیت کے بنیادی اوصاف ہیں۔ سخت لہجہ دلوں میں فاصلے پیدا کرتا ہے، جبکہ محبت اور نرمی بکھرے ہوئے رشتوں کو بھی جوڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
آج ہمارے معاشرے کو سب سے زیادہ ضرورت اخلاقی تربیت، برداشت، رواداری اور کردار سازی کی ہے۔ ہمیں اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں اپنے رویوں کا جائزہ لینا ہوگا۔ دوسروں کی غلطیوں کو معاف کرنا، اختلافِ رائے کا احترام کرنا، سچ بولنا، وعدے کی پاسداری کرنا اور کسی کی دل آزاری سے بچنا ہی ایک مہذب معاشرے کی پہچان ہے۔
یاد رکھیے! انسان کی زندگی کا اصل سرمایہ اس کا کردار ہے۔ دولت ختم ہو سکتی ہے، شہرت ماند پڑ سکتی ہے اور منصب و اختیار چھن سکتا ہے، مگر اچھے اخلاق اور نیک کردار کی خوشبو مدتوں باقی رہتی ہے۔ انسان اپنے اخلاق سے دل جیتتا ہے اور اپنے کردار سے تاریخ میں جگہ بناتا ہے۔
ہم اپنی زندگیوں کو حسنِ اخلاق، محبت، خلوص اور خدمتِ انسانیت سے مزین کریں، کیونکہ انسان کی اصل پہچان اس کی دولت، شہرت یا منصب نہیں بلکہ اس کا اخلاق اور کردار ہے۔