کلرسیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی ہدایات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر کلرسیداں نے ایم این ایچ سی (MNHC) چوآ خالصہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مرکز صحت میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کے دستیاب اسٹاک اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے مرکز میں مختلف ادویات کی دستیابی، ان کے اسٹاک ریکارڈ اور مریضوں کو ادویات کی بروقت فراہمی سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے طبی عملے کی حاضری، مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور مرکز صحت کے مجموعی انتظامی معاملات کا بھی جائزہ لیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے مرکز میں زیرِ علاج مریضوں سے ملاقات کی اور ان سے طبی سہولیات، علاج معالجے کے انتظامات، ادویات کی دستیابی اور عملے کے رویے کے بارے میں براہِ راست فیڈ بیک حاصل کیا تاکہ عوام کو درپیش مسائل کی نشاندہی کرکے ان کے حل کے لیے ضروری اقدامات کیے جا سکیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سرکاری مراکز صحت میں آنے والے مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی، ادویات کی دستیابی اور عملے کا خوش اخلاق رویہ یقینی بنایا جائے۔ عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے۔اسسٹنٹ کمشنر کے دورے کا مقصد مرکز صحت کی کارکردگی کو بہتر بنانا، طبی سہولیات کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کا جائزہ لینا اور عوام کو بہتر علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا تھا۔
Discover more from pindipost.pk
Subscribe to get the latest posts sent to your email.