پاکستان اور مالدیپ کا تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد (پنڈی پوسٹ نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری سے مالدیپ کے وزیر سیاحت و سول ایوی ایشن محمد امین نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور سیاحت، کھیل، صحت، تجارت اور افرادی قوت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات کے دوران مالدیپ کے وزیر سیاحت و سول ایوی ایشن نے اعلان کیا کہ مالدیپ کی قومی ایئرلائن جلد پاکستان اور مالدیپ کے درمیان براہِ راست پروازوں کا آغاز کرے گی، پہلی براہِ راست پرواز کے ذریعے معروف پاکستانی کرکٹرز، فنکار اور دیگر سلیبریٹیز مالدیپ جائیں گے۔

محمد امین نے کہا کہ پاکستانی سلیبریٹیز مالدیپ میں بے حد مقبول ہیں اور ان کی آمد سے سیاحت کو مزید فروغ ملے گا۔اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ براہِ راست پروازوں کے آغاز سے پاکستانی شہریوں کے لیے مالدیپ کا سفر مزید آسان ہو جائے گا، پاکستانی شہری سیاحت میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور براہِ راست پروازوں سے مالدیپ میں پاکستانی سیاحوں کی آمد میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

کھیلوں کے شعبے میں تعاون پر بات کرتے ہوئے محسن نقوی نے آگاہ کیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مالدیپ میں کرکٹ اسٹیڈیم کے قیام کے مجوزہ منصوبے پر کام کر رہا ہے، اسٹیڈیم کے ساتھ کرکٹ اکیڈمی بھی قائم کی جائے گی تاکہ مقامی نوجوانوں کو تربیت کے بہتر مواقع میسر آ سکیں۔وزیر داخلہ نے اپنے مالدیپ کے ہم منصب کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھی دیا اور کہا کہ وہ مالدیپ کے وزیر داخلہ کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔

مالدیپ کے وزیر سیاحت و سول ایوی ایشن محمد امین نے اسلام آباد کے جدید انفراسٹرکچر، تیز رفتار ترقی، خوبصورتی اور صفائی کے نظام کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے قدرتی مناظر دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی ہے اور یہ شہر حقیقی معنوں میں ٹورازم کیپٹل سٹی بننے کے بھرپور مواقع رکھتا ہے۔

تجارتی اور معاشی روابط کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مالدیپ کو افرادی قوت کی ضرورت ہے اور وہ پاکستان سے افرادی قوت کا خیرمقدم کریں گے، جبکہ پاکستان سے تعمیراتی سامان، ادویات اور دیگر اشیاء کی درآمد کے بھی وسیع مواقع موجود ہیں، ملاقات میں مالدیپ کے ہائی کمشنر اور چیف کمشنر اسلام آباد بھی موجود تھے۔


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.