122

پنجاب سکولوں میں کلاس رومز کی تعمیر کیلئے 10 ارب جاری

لاہور(نمائندہ پنڈی پوسٹ)پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مختصر مدت میں 11لاکھ آؤٹ آف سکول بچوں کی انرولمنٹ کا منفرد ریکارڈ قائم کیا گیا ہے اور بچوں کی انرولمنٹ میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے جبکہ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے سکول مینجمنٹ کونسل کو 10 ارب روپے سے 90 دن کے اندر ضروری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی اورایک سال کے اندر تمام سکولوں میں درکار کلاس روم بنانے کا حکم دیا ہے۔

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں گزشتہ روز اہم فیصلے کئے گئے ،مریم نواز نے وزیر تعلیم اور پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ٹیم کو 11لاکھ بچوں کی انرولمنٹ پر شاباش دی ،انہوں نے سکولوں کی 580بوسیدہ ترین اور 2770 خستہ عمارتوں کی تعمیر ومرمت کی ہدایت کی ہے جبکہ سرکاری سکولوں کے پانچ لاکھ بچوں کی انگلش ٹرینرز سے سپوکن انگلش ٹریننگ کا ہدف مقررکیاگیاہے ۔مریم نواز نے سکول میل پروگرام کا دائرہ کار غذائی قلت کا شکار بچوں کے تناسب سے دیگر اضلاع اور تحصیلوں تک وسیع کرنے کی ہدایت کی اورہر ضلع میں گرلز اور بوائز کے لئے نوازشریف سکول آف ایمیننس بنانے کی ہدایت کی، نوازشریف سکول آف ایمیننس میں آئی ٹی، سائنس لیب، لائبریری، ملٹی پرپز پلے گراؤنڈ، سمارٹ بورڈ اور دیگر جدید سہولتیں میسر ہوں گی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پانچ سال میں 1750 سکولوں کی اپ گریڈیشن کا ہدف مقرر کیاگیاہے ،اگلے مالی سال میں 250سکولوں کی اپ گریڈیشن ہوگی،پنجاب کی 10تحصیلوں میں 300 ٹیک ایڈ سکول بنیں گے ۔آؤٹ سورس ہونے والے سکولوں میں 195کلاس روم، 397کمروں کی چھتوں،چاردیواری ،414 ٹوائلٹ اور 1543 واٹر ٹینک کی تعمیرمکمل ہوگئی ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ بچوں کی تعلیم کے لئے بہت سا کام کرنا چاہتی ہوں، ہر سکول میں ٹوائلٹ سمیت ہر دیگر سہولتیں ناگزیر ہیں،سکولوں میں سولر سسٹم کی تنصیب کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ مریم نواز شریف نے فائر فائٹرز ڈے پراپنے پیغام میں کہاہے کہ آگ اور خطرات کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہونے والے بہادر اور جانثار فائر فائٹرز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں،آزمائش کی ہر گھڑی میں جہاں سب پیچھے ہٹتے ہیں، وہیں یہ محافظ آگ میں کود کر انسانیت کی خدمت کا عہد نبھاتے ہیں۔ فائر فائٹرز سمیت تمام ریسکیو اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں