اسلام آباد(اویس الحق سے)اسلام آباد بار ایسوسی ایشن اور خورشید لا فرم کے وکلاء پر مشتمل وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں سینیٹ سیکرٹریٹ کے اعلیٰ حکام نے وفد کا خیرمقدم کیا۔
وفد کو سینیٹ میوزیم کے دورے کے دوران پاکستان کی پارلیمانی تاریخ، قانون سازی کے عمل اور ایوانِ بالا کے قومی اُمور میں کردار سے متعلق جامع بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر وفد نے سینیٹ کی تاریخ اور اہم پارلیمانی مراحل پر مبنی خصوصی ڈاکومنٹری بھی ملاحظہ کی۔
دورے کے دوران وفد کو سینیٹ ہال میں اجلاس کی کارروائی کے طریقہ کار، قانون سازی کے مراحل اور پارلیمانی کمیٹیوں کے نظام سے متعلق تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔
حکام نے پارلیمانی ڈھانچے کے مؤثر کردار اور قانون سازی میں کمیٹیوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
بعد ازاں وفد نے ’’گلی دستور‘‘ کا دورہ کیا، جہاں انہیں آئین پاکستان کی تشکیل، ارتقاء اور آئینی تاریخ کے نمایاں مراحل سے متعلق معلومات فراہم کی گئیں۔ وفد نے آئین پاکستان کے تاریخی ورثے کو جدید اور بصری انداز میں پیش کرنے کے اس منفرد منصوبے کو سراہا۔
وفد نے دورے کے اختتام پر سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے فراہم کی گئی مہمان نوازی اور معلوماتی بریفنگ پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے نہایت تعلیمی، مفید اور بامقصد قرار دیا۔