نسک کارڈ عازمینِ حج کے لیے ڈیجیٹل محافظ قرار

مکہ مکرمہ: ڈائریکٹر حج مکہ مکرمہ محمد عارف اسلم راؤ نے کہا ہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے جاری کیا گیا “نسک کارڈ” پاکستانی عازمینِ حج کے لیے ایک ڈیجیٹل محافظ کی حیثیت رکھتا ہے، جو دورانِ حج ان کی شناخت، سلامتی اور سفری سہولیات کو یقینی بناتا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے عازمینِ حج پر زور دیا کہ وہ اپنے رہائشی مقامات سے نکلتے وقت نسک کارڈ ہر صورت ساتھ رکھیں، کیونکہ اس کے بغیر مشاعرِ مقدسہ منیٰ، عرفات اور مزدلفہ میں داخلہ ممکن نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ حج کے دوران شدید رش کی وجہ سے بعض عازمین راستہ بھول جاتے ہیں، تاہم نسک کارڈ میں موجود کیو آر کوڈ کی مدد سے سکیورٹی اہلکار فوری طور پر عازمِ حج کے مکتب، خیمہ نمبر اور رہائشی ہوٹل کی معلومات حاصل کرکے انہیں منزل تک پہنچانے میں معاونت کرتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ سہولت بالخصوص بزرگ اور پہلی بار حج پر آنے والے افراد کے لیے انتہائی مفید ہے۔

عارف اسلم راؤ نے بتایا کہ رواں برس نسک کارڈ فزیکل اور ڈیجیٹل دونوں صورتوں میں دستیاب ہے۔ انہوں نے عازمین کو ہدایت کی کہ وہ اپنے موبائل فونز میں “نسک ایپ” لازمی ڈاؤن لوڈ کریں تاکہ فزیکل کارڈ گم ہونے یا ساتھ نہ ہونے کی صورت میں ڈیجیٹل کارڈ استعمال کیا جا سکے۔

ڈائریکٹر حج نے مزید کہا کہ سعودی حکومت “پرمٹ کے بغیر حج نہیں” پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کر رہی ہے اور سکیورٹی اہلکار کسی بھی وقت نسک کارڈ طلب کر سکتے ہیں۔ یہ کارڈ اس بات کا ثبوت ہے کہ عازمِ حج قانونی طور پر رجسٹرڈ ہے اور اسے تمام سرکاری و طبی سہولیات تک رسائی حاصل ہے۔