تعزیت یا بوجھ؟

ہمارے معاشرے میں ایک عام اور دیرینہ روایت یہ ہے کہ کسی کے انتقال کے بعد تین دن تک تعزیت کے نام پر میت کے گھر آمد و رفت کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ لوگ دور دراز سے آتے ہیں، مرحوم کے اہلِ خانہ سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہیں، دعا کرتے ہیں اور واپس چلے جاتے ہیں۔ بظاہر یہ عمل غم میں شرکت اور انسان دوستی کی علامت سمجھا جاتا ہے، لیکن اگر اس کا عملی پہلو دیکھا جائے تو یہ روایت کئی مواقع پر غم زدہ خاندان کے لیے ایک اضافی بوجھ بن جاتی ہے۔


اصل مسئلہ تعزیت کا ہونا نہیں، بلکہ وہ غیر محسوس سماجی دبا¶ ہے جو اس موقع پر پیدا ہو جاتا ہے۔ خاص طور پر غریب اور متوسط طبقے کے لیے یہ دن صرف صدمے کے نہیں ہوتے بلکہ شدید معاشی مشکلات کے بھی ہوتے ہیں۔ مہمانوں کی آمد کے ساتھ چائے، کھانے پینے اور دیگر انتظامات لازم سمجھ لیے جاتے ہیں۔ کئی گھروں میں لوگ قرض لے کر یا ادھار سامان منگوا کر مہمان نوازی کا فرض ادا کرتے ہیں۔ یوں ایک طرف دل کا صدمہ اور دوسری طرف مالی دبا¶، دونوں مل کر متاثرہ خاندان کو مزید کمزور کر دیتے ہیں۔
حقیقت یہ ہے کہ اسلام نے تعزیت کو سادگی، ہمدردی اور تسلی کا عمل بنایا ہے، نہ کہ بوجھ اور رسم و رواج کا مجموعہ۔ مگر وقت کے ساتھ ساتھ ہماری معاشرتی روایات نے اس سادہ عمل کو بھی ایک غیر ضروری رسم میں بدل دیا ہے، جس کے نتیجے میں اصل مقصد کہیں پیچھے رہ گیا ہے۔


اسی پس منظر میں پنجاب کے ایک گا¶ں کی ایک نہایت قابلِ تقلید اور اصلاحی مثال سامنے آئی ہے، جس نے اس روایت کو مثبت رخ دینے کی کوشش کی۔ یہ مثال ہمیں یہ سوچنے پر مجبور کرتی ہے کہ کیا ہم واقعی تعزیت کے اصل مقصد کو سمجھ رہے ہیں یا محض رسم ادا کر رہے ہیں۔


واقعہ کچھ یوں ہے کہ ایک غریب شخص کے انتقال کے بعد جب اس کا جنازہ جنازہ گاہ میں پہنچا تو لوگ بڑی تعداد میں وہاں جمع تھے۔ صفیں درست ہو چکی تھیں اور تدفین کے مراحل شروع ہونے والے تھے۔ اسی دوران امام صاحب نے ایک درد مند اور اصلاحی اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مرحوم اپنے گھر کا واحد کفیل تھا اور اس کے پیچھے ایک بیوہ اور چھوٹے بچے رہ گئے ہیں، جن کے لیے آگے کا وقت انتہائی مشکل ہوگا۔ ان کے پاس نہ مستقل آمدنی ہے اور نہ کوئی مضبوط سہارا۔


امام صاحب نے لوگوں سے اپیل کی کہ اس موقع پر صرف رسمی تعزیت پر اکتفا نہ کیا جائے بلکہ عملی مدد کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جنازہ گاہ کے مرکزی دروازے پر ایک چادر بچھا دی گئی ہے۔ جو بھی صاحبِ استطاعت ہو، اللہ کی رضا کے لیے، بغیر کسی دکھاوے کے، اپنی حیثیت کے مطابق اس خاندان کی مدد کرے۔ کسی سے دس روپے ہوں تو وہ بھی دے، اور کسی سے زیادہ استطاعت ہو تو وہ بھی اپنا حصہ ڈالے۔
اس اعلان کے بعد ایک خاموش مگر م¶ثر جذبہ پیدا ہوا۔ لوگ ایک ایک کر کے اس چادر پر اپنی استطاعت کے مطابق رقم ڈالتے رہے۔ چند ہی لمحوں میں وہاں ایک قابلِ ذکر رقم جمع ہو گئی۔ بعد میں حساب لگایا گیا تو وہ رقم ایک لاکھ روپے سے بھی زیادہ تھی۔ یہ رقم اگرچہ کسی کے لیے بہت بڑی نہیں تھی، لیکن مرحوم کے بچوں اور بیوہ کے لیے یہ کئی مہینوں کا سہارا بن گئی۔

یہ واقعہ ہمیں یہ واضح سبق دیتا ہے کہ تعزیت صرف الفاظ، ہاتھ ملانے یا رسمی حاضری کا نام نہیں، بلکہ اصل تعزیت غم زدہ خاندان کا عملی سہارا بننا ہے۔ اگر ہم واقعی کسی کے دکھ میں شریک ہونا چاہتے ہیں تو ہمیں ان کی مالی اور عملی مدد کے بارے میں بھی سوچنا ہوگا، نہ کہ صرف رسمی جملوں اور روایتی رسومات تک محدود رہنا ہوگا۔


اسلام بھی ہمیں یہی تعلیم دیتا ہے کہ مصیبت کے وقت دوسروں کا ہاتھ تھاما جائے، کمزور کا سہارا بنا جائے اور ضرورت مند کی مدد کی جائے۔ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات میں غم زدہ افراد کے ساتھ ہمدردی اور ان کی مدد کو بڑی فضیلت حاصل ہے۔


ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی معاشرتی روایات پر سنجیدگی سے نظر ثانی کریں۔ تعزیت کے نام پر غیر ضروری رسومات، دکھاوا اور اضافی اخراجات کے بجائے اگر ہم متاثرہ خاندان کی مدد کو ترجیح دیں تو یہ نہ صرف ایک بہتر اور ہمدرد معاشرہ تشکیل دے گا بلکہ مرحوم کے لیے بھی صدقہ جاریہ بن سکتا ہے۔
حقیقی ہمدردی وہی ہے جو دکھ کو کم کرے، نہ کہ اسے بڑھا دے، اور یہی ایک باشعور اور مہذب معاشرے کی پہچان ہے۔