وفاقی ٹریفک پولیس کا بڑا اقدام،لائسنسنگ پراسیس مکمل پیپر لیس کر دیا گیا۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس کے لائسنسنگ پراسیس کو مکمل پیپر لیس کر دیا گیا، آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے پیپر لیس لائسنسنگ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا لائسنسنگ میں جدت لانے کے لیے بڑا اقدام ہے۔

اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر محمد سرفراز ورک اور ٹریفک کے افسران بھی موجود تھے۔ آئی جی اسلام آباد نے تمام پیپرلیس کاونٹرز کا جائزہ لیا اور اس نظام کے متعلق احکامات جاری کیے۔

آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ یہ اقدام شہریوں کی سہولت اور قیمتی وقت کے ضیاع کو بچانے کے لیے اٹھایا گیا۔ پہلے شہریوں کو میڈیکل فارم بھرنے، تصویر لگانے سمیت متعدد پیپرز کا استعمال کرنا پڑتا تھا۔ اب شہریوں کو کسی ڈاکومنٹ، فوٹو کاپی یا فوٹو ہمراہ لانے کی ضرورت نہیں۔

سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ اب میڈیکل سے لے کر لائسنسنگ کی وصولی تک مکمل نظام پیپر لیس ہوچکا ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر اور ان کی ٹیم نے قلیل وقت میں اس پراجیکٹ کو مکمل کیا جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ لائسنسنگ فیس کے نظام کو بھی جلد ڈیجیٹلائز کردیا جائے گا، اب شہری صرف اپنے شناختی کارڈ ساتھ لے کر آئیں اور اسلام آباد ٹریفک پولیس کا لائسنس حاصل کریں۔