(پنڈی پوسٹ نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کے صوبے ہونان کے شہر چانگشا میں معروف صنعتی ادارے ‘سانی ہیوی انڈسٹری’ (SANY Heavy Industry) کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سانی گروپ کے چیئرمین مسٹر ٹانگ شیوگو نے صدر کو کمپنی کے جدید مینوفیکچرنگ سسٹم، مصنوعات اور ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ (R&D) میں ہونے والی سرمایہ کاری کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ دورے کے دوران چانگشا کی وائس میئر چیان لشیا بھی موجود تھیں۔
صدر زرداری کو کمپنی کے فلیگ شپ ‘نمبر 18 فیکٹری’ کا معائنہ کرایا گیا، جو اپنی جدید آٹومیشن اور ڈیٹا سے چلنے والے پروڈکشن سسٹم کی وجہ سے عالمی سطح پر پہچانی جاتی ہے۔ صدر نے مینوفیکچرنگ کے شعبے میں ٹیکنالوجی کے انضمام کو سراہا اور اسے صنعتی پیداوار کو جدید بنانے کے خواہشمند ممالک کے لیے ایک بہترین مثال قرار دیا۔ انہیں بتایا گیا کہ 2024 میں کمپنی کی آپریٹنگ آمدن 11.27 ارب ڈالر رہی، جو اس کی عالمی سطح پر مضبوط ساکھ کی عکاس ہے۔
صدر مملکت نے پاکستان کے انفراسٹرکچر اور صنعتی ترقی کے لیے صنعتی ٹیکنالوجی، مہارت کی منتقلی اور مشترکہ منصوبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے تعمیراتی مشینری، ڈیجیٹل مینوفیکچرنگ اور کلین انرجی کے شعبوں میں تعاون کے امکانات کو بھی اجاگر کیا۔ سانی گروپ کے چیئرمین نے پاکستان کے ساتھ مینوفیکچرنگ اور ٹیکنالوجی کے تبادلے میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ دورے کے دوران سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن، علی حسن بروہی، سید قاسم نوید قمر، چیف سیکرٹری سندھ اور دونوں ممالک کے سفراء بھی صدر کے ہمراہ تھے۔