(پنڈی پوسٹ نیوز)روس کے وزیرِ داخلہ ولادیمیر کولاکولتسیف پاکستان کا 4 روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد ماسکو روانہ ہوگئے۔ وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ایئرپورٹ پر اپنے روسی ہم منصب کو الوداع کیا۔روسی وزیرِ داخلہ نے پاکستان میں شاندار مہمان نوازی پر محسن نقوی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان سے خلوص اور محبت لے کر واپس جا رہے ہیں۔ اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ روسی وزیرِ داخلہ کا دورہ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ولادیمیر کولاکولتسیف نے محسن نقوی کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقاتیں کیں۔روسی وزیرِ داخلہ نے نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کیں۔ دورے کے دوران ہونے والی ان ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے تعلقات اور باہمی تعاون سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔