معاشرہ میں سماجی روابط کا کردار

ماہرین کے مطابق معاشرہ دراصل انسانوں کے باہمی تعلقات اور روابط کا ایک حسین امتزاج ہے۔ یہ بات روز روشن کی طرح عیاں بھی ہے کہ کوئی بھی فرد تنہا مکمل نہیں ہوتا بلکہ اس کی شخصیت، سوچ اور کردار کی تشکیل سماجی روابط کے ذریعے ہی ممکن ہوتی ہے۔ انسان فطرتاً ایک معاشرتی مخلوق ہے،حیوان ناطق ہے، جو دوسروں کے ساتھ جڑ کر ہی اپنی زندگی کو بامقصد بناتا ہے۔

ماضی کے حالات اور عصری معاملات کے سدھار میں سماجی روابط کا کردار بہت اہم ہے۔ماہرین کی آراء کے مطابق سماجی روابط کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ یہ افراد کے درمیان محبت، اعتماد اور ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہیں۔ جب لوگ ایک دوسرے سے ملتے جلتے ہیں، دکھ سکھ بانٹتے ہیں اور ایک دوسرے کے مسائل کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں تو معاشرے میں بھائی چارہ پیدا ہوتا ہے۔ یہی بھائی چارہ ایک مضبوط اور پرامن معاشرے کی بنیاد بنتا ہے۔محبت اور الفت کے رشتے مضبوط ہوتے ہیں۔

آج کے دور میں جہاں مادہ پرستی اور مصروفیات نے انسان کو تنہائی کی طرف دھکیل دیا ہے، وہاں سماجی روابط کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی ہے۔ سوشل میڈیا نے اگرچہ رابطوں کو آسان بنایا ہے، مگر حقیقی ملاقاتوں اور براہِ راست تعلقات کی وہ گرمجوشی کہیں کھو سی گئی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہم ڈیجیٹل تعلقات کے ساتھ ساتھ حقیقی روابط کو بھی برقرار رکھیں۔

اسلامی تعلیمات کا مطالعہ بھی بہت ضروری ہے۔اس سے انسان کی عظمت اور احساس بیدار ہوتا ہے۔
سماجی روابط نہ صرف ذاتی زندگی میں سکون اور خوشی کا باعث بنتے ہیں بلکہ اجتماعی سطح پر بھی ترقی کی راہ ہموار کرتے ہیں۔ ایک ایسا معاشرہ جہاں لوگ ایک دوسرے سے جڑے ہوں، ایک دوسرے کا خیال رکھتے ہوں اور اجتماعی مفاد کو ترجیح دیتے ہوں، وہی معاشرہ ترقی کی منازل طے کرتا ہے۔

تعلیمی ادارے، خاندانی نظام اور معاشرتی تقریبات سماجی روابط کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ان پلیٹ فارمز کے ذریعے افراد کو ایک دوسرے کو سمجھنے، برداشت کرنے اور مل جل کر رہنے کا موقع ملتا ہے۔آخر میں یہ کہنا بجا ہے کہ اگر ہم ایک مہذب، پرامن اور ترقی یافتہ معاشرہ چاہتے ہیں تو ہمیں اپنے سماجی روابط کو مضبوط بنانا ہوگا۔ کیونکہ مضبوط تعلقات ہی ایک مضبوط معاشرے کی پہچان ہوتے ہیں۔سماجی روابط کا جس قدر مثبت استعمال کیا جاۓ اس کے اثرات بھی مثبت سامنے آتے ہیں۔