کار وکیری سٹینڈ کے معاملات پر عوامی ایکشن کمیٹی کا ایکشن

کار و کیری اسٹینڈ کے مسائل پر عوامی ایکشن کمیٹی کی اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان سے اہم ملاقات، شہری مسائل کے حل پر مشاورت,بانی و چیئرمین عوامی ایکشن کمیٹی راجہ ضیاءالحق، صدر راجہ قاسم صغیر بھٹی، جنرل سیکرٹری راجہ خاقان بابر کیانی اور سینئر نائب صدر راجہ ظہیر حیدر بھٹی نے اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان خضر ظہور گورائیہ سے کار اسٹینڈ اور کیری اسٹینڈ کے معاملات پر ایک اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں چیف آفیسر بلدیہ گوجرخان ضیاء طارق بھی موجود تھے۔اس موقع پر صدر کار اسٹینڈ مرزا عبدالقیوم، صدر کیری اسٹینڈ سجاد سعید اعوان عرف ساجی کے علاوہ عوامی ایکشن کمیٹی کے اراکین جاوید بٹ، حاجی ملک جمیل، راجہ عامر، ضمیر حسین، کامران کامی، طارق محمود، راجہ افتخار اسد عرف موتی، بابر، راجہ عابد، مولوی ظہیر، راجہ فاروق اور دیگر افراد بھی اسسٹنٹ کمشنر آفس میں موجود تھے۔ملاقات کے دوران عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر اور چیف آفیسر بلدیہ کو تجویز دی گئی کہ شہر سے کار اور کیری اسٹینڈ ختم کرنے کے بجائے مڈل سکول کے سامنے موجود جگہ پر باقاعدہ اور منظم کار پارکنگ قائم کی جائے۔ شرکاء نے مؤقف اختیار کیا کہ اس اقدام سے شہر میں ٹریفک کے مسائل میں واضح کمی آئے گی اور بلدیہ کی آمدن میں بھی اضافہ ہوگا۔ اس حوالے سے شام کے وقت چیف آفیسر بلدیہ کے ساتھ دوبارہ اجلاس کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔چیئرمین عوامی ایکشن کمیٹی راجہ ضیاءالحق نے ملاقات کے دوران شہر کے دیگر اہم مسائل بھی اجاگر کیے، جن میں واٹر سپلائی اور اسٹریٹ لائٹس کے مسائل سرفہرست تھے۔ انہوں نے کہا کہ اوگاہون ڈیم سے منسلک دو ارب ساٹھ کروڑ روپے کے واٹر سپلائی منصوبے کی پائپ لائن لاہن میں پڑی ہوئی ہے، جو فوری توجہ اور عملی اقدامات کی متقاضی ہے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان خضر ظہور گورائیہ اور چیف آفیسر بلدیہ ضیاء طارق  نے عوامی ایکشن کمیٹی کو یقین دہانی کرائی کہ شہر کی بہتری کے لیے واٹر سپلائی منصوبے پر جلد کام کا آغاز کیا جائے گا، جبکہ شہر بھر میں اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور مرمت کا کام بھی جلد شروع کر دیا جائے گا۔


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.