گیس لیکج جان لیوا ثابت، تھوہا خالصہ میں خاتون جھلس کر دم توڑ گئی

کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) گیس سلنڈر پھٹنے کے المناک واقعہ میں 23 سالہ شادی شدہ خاتون جاں بحق ہو گئی۔ متوفیہ مقامی صحافی و صدر پریس کلب کلر سیداں یاسر یاسین ملک کی کزن تھی۔

یہ افسوسناک واقعہ نواحی علاقہ تھوہا خالصہ میں پیش آیا جہاں خاتون نے گھر کے کچن میں کھانا تیار کرنے کے بعد گیس سلنڈر کا سوئچ بند کر دیا تھا تاہم مبینہ طور پر سلنڈر سے گیس کا اخراج جاری رہا۔ کچھ دیر بعد کچن سے گیس کی بدبو آنے پر وہ دوبارہ وہاں گئی اور سوئچ بند کرنے کی کوشش کے دوران اچانک زور دار دھماکہ ہو گیا۔

جس کے نتیجے میں وہ شدید جھلس گئی جسے ٹی ایچ کیو ہسپتال کلر سیداں سے ابتدائی طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت میں ہولی فیملی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ چل بسی۔ متوفیہ کی شادی دو برس قبل تھوہا خالصہ کے فیضان نامی نوجوان کیساتھ انجام پائی تھی جس کے بطن سے ایک سالہ بیٹی بھی ہے ۔