وزیراعظم کا عوام کیلئے خصوصی پٹرول ریلیف سکیم کا اعلان

(پنڈی پوسٹ نیوز)وفاقی دارالحکومت سے جاری اپنے بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث عوام پر پڑنے والے بوجھ کا حکومت کو مکمل احساس ہے، مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور چھوٹی گاڑی استعمال کرنے والوں پر پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ کم کرنے کے لیے خصوصی سکیم شروع کی جا رہی ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خصوصی ریلیف سکیم کے تحت موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیاں استعمال کرنے والوں کو پٹرول پر100 روپے فی لٹر ریلیف دیا جائے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ دو اور تین پہیوں والی سواریوں کے لیے ماہانہ 20 لٹر پٹرول پر 100 روپے فی لٹر کے حساب سے ریلیف فراہم کیا جائے گا جب کہ 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ 30 لٹر پٹرول پر 100 روپے فی لٹر ریلیف ملے گا۔اُن کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کی حدود میں سکیم کا اطلاق آئندہ پیر اور منگل کی درمیانی شب سے ہوگا جب کہ پورے پاکستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں اس کا اطلاق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ خصوصی ریلیف سکیم کے لیے رجسٹریشن کا اجرا آج سے کر دیا گیا ہے، جبکہ رجسٹریشن کے طریقہ کار سے متعلق عوام کو آگاہی مہم کے ذریعے معلومات فراہم کی جائیں گی۔دوسری جانب شہباز شریف نے موٹرسائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑیوں سے متعلق معلومات کی فراہمی اور رجسٹریشن کے عمل میں تعاون پر صوبائی حکومتوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔