کہوٹہ: اسسٹنٹ کمشنر کی ہدایت پر کہوٹہ پنڈی روڈ پر تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن

کہوٹہ(نمائندہ پنڈی پوسٹ)اسسٹنٹ کمشنر کہوٹہ شیریں گل کی ہدایت پر ون وے، ون روڈ انیشی ایٹو کے تحت کہوٹہ پنڈی روڈ پر تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کر دیا گیا۔آپریشن کے دوران سڑک کے دونوں اطراف قائم غیر قانونی تجاوزات، تھڑے، سائن بورڈز اور ریڑھیاں ہٹا دی گئیں تاکہ سڑک کو ٹریفک کی روانی کے لیے کشادہ بنایا جا سکے۔ اس موقع پر تجاوزات کے باعث سڑک پر موجود سامان بھی ضبط کر لیا گیا جبکہ غیر قانونی تھڑوں کو مسمار کر دیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر کہوٹہ شیریں گل نے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھری، کشادہ اور تجاوزات سے پاک سڑکیں فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ تجاوزات کے باعث ٹریفک جام اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔انہوں نے واضح کیا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن میں کسی قسم کے دباؤ یا سفارش کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔ قانون سب کے لیے برابر ہے اور بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔شہریوں اور تاجروں نے انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے سے ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی اور کہوٹہ پنڈی روڈ کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوگا۔