کلرسیداں:موہڑہ حیال میں کمسن بچی کو لے جانے کی مبینہ کوشش،مزاحمت پر شہری کلہاڑی کے وار سے زخمی

کلرسیداں(زاہد پرویز)کلرسیداں کے نواحی علاقے موہڑہ حیال میں مبینہ طور پر مسلح افراد کی جانب سے کمسن لڑکی کو زبردستی لے جانے کی کوشش اور مزاحمت کرنے والے شہری پر کلہاڑی سے حملے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں ایک شہری اور ایک خاتون زخمی ہوگئے۔ واقعے نے علاقے میں خوف و تشویش کی فضا پیدا کردی۔

درخواست گزار حیدر عباس ولد محمد بشارت کے مطابق وہ منسٹری آف ڈیفنس، جی ایچ کیو میں ملازمت کرتے ہیں۔ واقعے کے وقت وہ گھر میں موجود تھے کہ باہر شور شرابے کی آواز سن کر فوری طور پر باہر نکلے تو دیکھا کہ ان کے رشتہ دار اقرار حسین اور ان کے اہل خانہ اپنی کمسن بچی کو مبینہ طور پر عمیر ولد اسلم اور حماد ولد کالا سے چھڑوانے کی کوشش کر رہے تھے۔

درخواست گزار کے مطابق انہوں نے مداخلت کرتے ہوئے بچی کو چھڑوایا، جس کے بعد مبینہ ملزمان موٹر سائیکل پر موقع سے فرار ہوگئے۔ تاہم کچھ ہی دیر بعد مبینہ طور پر دوبارہ مسلح ہوکر واپس پہنچ گئے۔ الزام ہے کہ عطاء الرحمن ولد قیصر نے کلہاڑی سے وار کیا جو حیدر عباس کے دائیں پاؤں پر لگا، جبکہ دیگر افراد ڈنڈوں اور پستول سے مسلح تھے۔ اس دوران ایک خاتون بھی زخمی ہوگئیں۔درخواست گزار نے اپنے بیان میں الزام عائد کیا کہ ملزمان نے باہم صلاح مشورے سے حملہ کیا، کمسن بچی کو زبردستی لے جانے کی کوشش کی اور مزاحمت کرنے پر انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔

ایک شہری کا کسی کمسن بچی کو مبینہ طور پر زبردستی لے جانے سے بچانے کے لیے آگے بڑھنا کیا اتنا بڑا جرم ہے کہ اسے کلہاڑی کے وار سے زخمی کردیا جائے؟ قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف کارروائی کب ہوگی؟ موہڑہ حیال میں پیش آنے والے اس واقعے نے شہریوں کے تحفظ اور قانون کی عملداری سے متعلق کئی سوالات کھڑے کردیے ہیں۔واقعے کے بعد تھانہ کلرسیداں پولیس نے درخواست گزار کی تحریری درخواست پر مقدمہ درج کرلیا ہے، جبکہ سب انسپکٹر بابر حسین نے تفتیش شروع کردی ہے۔

علاقہ مکینوں نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کی جائیں، مبینہ طور پر بچی کو زبردستی لے جانے کی کوشش اور مسلح حملے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے اور ملوث پائے جانے والے افراد کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہوسکے۔واضح رہے کہ خبر میں بیان کردہ الزامات درخواست گزار کے مؤقف پر مبنی ہیں، جن کی حتمی تصدیق پولیس تفتیش اور عدالتی کارروائی سے مشروط ہے۔