گوجرخان (نمائندہ پنڈی پوسٹ) اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان کی زیر صدارت ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی (DRC) کے زیر التوا اور نئے کیسز کی سماعت کی گئی، جس میں مختلف نوعیت کے تنازعات کے حل کے لیے سائلین اور متعلقہ فریقین کو طلب کرکے ان کے مؤقف تفصیل سے سنے گئے۔
سماعت کے دوران درخواست گزاروں نے اپنے مسائل اور شکایات سے آگاہ کیا، جبکہ متعلقہ فریقین کو بھی اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے تمام فریقین کے بیانات اور دستیاب حقائق کا جائزہ لیتے ہوئے کیسز کے حل اور مزید کارروائی کے لیے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا، ان کے مسائل کا فوری اور مؤثر ازالہ کرنا اور شہریوں کو انصاف کی فراہمی میں سہولت دینا انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی شکایات کے حل کے لیے دستیاب فورمز کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو غیر ضروری تاخیر اور مشکلات سے بچایا جاسکے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ موصول ہونے والی درخواستوں پر قانون اور میرٹ کے مطابق کارروائی کی جائے اور کیسز کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔