کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) کلر سیداں اور گردونواح میں ہونے والی شدید موسلا دھار بارش اور ژالہ باری نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں کھیتوں میں کٹی ہوئی گندم کی فصل کو شدید نقصان پہنچا اور کاشتکاروں کی سال بھر کی محنت ضائع ہو کر رہ گئی۔
شام کے وقت اچانک آنے والی تیز بارش کے ساتھ بڑے سائز کے اولوں نے نہ صرف کھڑی فصلوں کو متاثر کیا بلکہ کٹائی کے بعد کھیتوں میں پڑی گندم کو بھی ناقابلِ استعمال بنا دیا۔شام کے وقت موسم نے اچانک شدت اختیار کی اور دیکھتے ہی دیکھتے آسمان پر سیاہ بادل چھا گئے، جس کے بعد تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ اس غیر متوقع موسمی تبدیلی نے خاص طور پر ان کسانوں کو زیادہ متاثر کیا جن کی گندم کی فصل کٹ کر کھیتوں میں پڑی ہوئی تھی۔
بارش کے پانی اور اولوں کی شدت کے باعث گندم کے دانے بھیگ کر خراب ہو گئے جبکہ کئی مقامات پر فصل زمین پر بکھر گئی۔متاثرہ کاشتکاروں نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس سال انہوں نے مہنگی کھاد، بیج اور زرعی ادویات پر بھاری سرمایہ کاری کی تھی اور بہتر پیداوار کی امید تھی، تاہم اچانک ہونے والی ژالہ باری نے ان کی تمام امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ کسانوں کا کہنا تھا کہ گندم کی کٹائی کے بعد چند دنوں میں فصل کو اکٹھا کر لیا جاتا، مگر بارش نے انہیں سنبھلنے کا موقع ہی نہیں دیا۔