اللہ کریم کے انعامات اتنے زیادہ اور خوبصورت ہیں جن کا جس قدر شکر ادا کیا جاٸے کم ہے۔زندگی رب کریم کی بہت بڑی عطا اور امانت ہے۔قدرتی مناظر دلکش اور فضا کی پاکیزگی، قدرتی ماحول کی خوبصورتی اور انسانی زندگی کا حسن ایک دوسرے سے گہرا تعلق رکھتے ہیں۔یہ حقیقت ہے کہ صاف ستھری فضا انسان کی صحت، ذہنی آسودگی اور خوش گوار معاشرتی زندگی کی ضامن ہوتی ہے۔ قدرت نے اس کائنات کو بے شمار رنگوں، دلکش مناظر، سرسبز وادیوں، بلند و بالا پہاڑوں، بہتے دریاؤں اور خوشبو بکھیرتے پھولوں سے آراستہ کیا ہے۔ یہ سب قدرت کے وہ انمول تحفے ہیں جن سے انسانی زندگی میں تازگی، مسرت اور سکون پیدا ہوتا ہے۔ لیکن افسوس کہ انسان اپنی بے احتیاطیوں، خود غرضی اور غیر ذمہ دارانہ رویوں کے باعث اسی خوب صورت ماحول کو آلودہ کرنے میں مصروف ہے۔
آلودگی عصرِ حاضر کا ایک سنگین مسئلہ بن چکی ہے۔ فضائی آلودگی، دھوئیں کے بادل، گردوغبار، گاڑیوں کے زہریلے دھوئیں، کارخانوں کے اخراج، درختوں کی بے دریغ کٹائی اور کچرے کو جلانے جیسے عوامل سے جنم لیتی ہے۔ شہروں میں بڑھتی ہوئی آبادی، ٹریفک کا دباؤ اور صنعتی سرگرمیاں فضا کو آلودہ کر رہی ہیں۔ اس کے نتیجے میں نہ صرف انسانی صحت متاثر ہوتی ہے بلکہ قدرتی ماحول کا توازن بھی بگڑ رہا ہے۔
صاف فضا میں سانس لینا زندگی کی بنیادی ضرورت ہے۔ جب ہوا میں زہریلے ذرات اور مضر گیسوں کی مقدار بڑھ جاتی ہے تو انسانی جسم مختلف بیماریوں کا شکار ہونے لگتا ہے۔ سانس کی تکالیف، الرجی، آنکھوں میں جلن اور دیگر طبی مسائل عام ہو جاتے ہیں۔ بالخصوص بچے، بزرگ اور کمزور صحت کے حامل افراد اس صورتِ حال سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ کیا ہم نے کبھی سوچا ہے کہ جس فضا میں ہم سانس لیتے ہیں، اسے صاف رکھنے کے لیے ہماری اپنی ذمہ داریاں کیا ہیں؟
حسنِ زندگی صرف خوب صورت عمارتوں، کشادہ سڑکوں اور جدید سہولتوں کا نام نہیں بلکہ صاف ماحول، صحت مند معاشرت، ذہنی سکون اور قدرتی حسن کا مجموعہ ہے۔ جس معاشرے میں درختوں کی جگہ دھوئیں کے بادل، پھولوں کی جگہ کچرے کے ڈھیر اور صاف پانی کی جگہ آلودگی نے لے لی ہو، وہاں زندگی کا حقیقی حسن ماند پڑ جاتا ہے۔ ترقی کے نام پر قدرتی وسائل کو تباہ کرنا دراصل اپنی آنے والی نسلوں کے مستقبل کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔
اسلامی تعلیمات بھی صفائی، پاکیزگی اور ماحول کی حفاظت پر زور دیتی ہیں۔ صفائی کو نصف ایمان قرار دیا گیا ہے۔ درخت لگانا، راستوں سے تکلیف دہ چیزیں ہٹانا، پانی کو ضائع ہونے سے بچانا اور دوسروں کے لیے آسانی پیدا کرنا ہماری دینی اور اخلاقی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ میں یہ احساس کرنا ہوگا کہ ماحول کی حفاظت محض حکومتی اداروں کا کام نہیں بلکہ ہر شہری کی انفرادی اور اجتماعی ذمہ داری ہے۔
اس سلسلے میں شجرکاری کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ درخت فضا کو صاف رکھنے، ماحول کو خوش گوار بنانے اور قدرتی توازن برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں، موجودہ درختوں کی حفاظت کریں، پلاسٹک کے غیر ضروری استعمال سے اجتناب کریں، کوڑا کرکٹ مقررہ مقامات پر پھینکیں اور گاڑیوں و کارخانوں سے نکلنے والے دھوئیں کو کم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔ تعلیمی اداروں میں طلبہ کو ماحولیاتی شعور سے آراستہ کرنا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اساتذہ، والدین، سماجی کارکنوں اور ذرائع ابلاغ کو چاہیے کہ وہ نئی نسل میں ماحول دوستی اور قدرتی وسائل کی حفاظت کا شعور بیدار کریں۔ اگر ہر فرد اپنے گھر، گلی، محلے اور تعلیمی ادارے کو صاف رکھنے کا عزم کر لے تو معاشرے میں ایک مثبت تبدیلی پیدا ہو سکتی ہے۔ چھوٹی چھوٹی کوششیں جب اجتماعی شعور کا حصہ بنتی ہیں تو بڑے نتائج سامنے آتے ہیں۔
ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ زمین صرف ہماری رہائش گاہ نہیں بلکہ ہماری آنے والی نسلوں کی امانت بھی ہے۔ اس امانت کی حفاظت ہم سب پر لازم ہے۔ آلودہ فضا میں زندگی کی خوشیاں بھی متاثر ہوتی ہیں اور قدرت کے حسین مناظر بھی اپنی دلکشی کھو دیتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہم ترقی اور فطرت کے درمیان توازن قائم رکھیں۔
بلاشبہ حسنِ زندگی کا حقیقی تصور صاف فضا، صحت مند ماحول، سرسبز زمین اور باشعور انسان سے وابستہ ہے۔ آئیے! ہم عہد کریں کہ اپنی زمین کو آلودگی سے پاک رکھنے، درختوں کی حفاظت کرنے اور ماحول کو خوب صورت بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، کیونکہ صاف فضا ہی صحت مند زندگی اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔