102

یونین کونسل دکھالی کا بدلتا سیاسی منظر نامہ/راجہ غلام قنبر

یونین کونسل دکھالی 2001میں تشکیل پائی۔ اس وقت یونین کونسل دکھالی میں حلقہ پٹوار سروٹ،حلقہ پٹوار دکھالی،حلقہ پٹوار سدیوٹ اور حلقہ پٹوار ہوتھلہ کا موضع لونہ شامل تھا۔ یونین کونسل دکھالی میں حلقہ پٹوار سدیوٹ ایک ایسا پٹوار حلقہ تھا جو انتطامی طور پر تحصیل کلرسیداں کا حصہ تھا۔ جبکہ یونین کونسل دکھالی انتظامی طور پر تحصیل کہوٹہ کا حصہ ہے۔ 2001اور 2005 بلدیات میں یونین کونسل دکھالی سے ناظم نشست راجہ صدیق کے حصہ میں آئی2001میں راجہ صدیق کیساتھ نائب ناظم راجہ شفقت ایڈووکیٹ جبکہ 2005میں نائب ناظم راجہ نسیم اختر تھے۔دوسری طرف یونین کونسل دکھالی کا ہمسایہ پٹوار حلقہ بھورہ حیال انتظامی طور پر تو تحصیل کہوٹہ کا حصہ تھا مگر بلدیاتی حوالہ سے تحصیل کلرسیداں کی یونین کونسل گف کا حصہ تھا۔اس وجہ حلقہ پٹوار سدیوٹ اور بھورہ حیال کا انتظامی اور بلدیاتی نظام عجیب سا تھا۔ اسی وجہ سے یہ علاقے ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گئے۔ا س محرومی کو ختم کرنے کے لئے اور انتظامی و بلدیاتی حوالہ سے ایک ہی تحصیل کا حصہ بنے کے لئے پٹوار حلقہ بھورہ حیال کے نمبردار راجہ سعید افضل نے قانون کا دروازہ کھٹکھٹایا ۔ تین سالہ عدالتی جنگ جیت کر اپنے پٹوار حلقہ بھورہ حیال کو بلدیاتی طور پر تحصیل کہوٹہ کا حصہ بنوایا۔بھورہ حیال کا تحصیل کہوٹہ میں بلدیاتی حیثیت سے جانے کی وجہ سے یونین کونسل دکھالی میں تحصیل کلرسیداں کا پٹوار حلقہ سدیوٹ واپس تحصیل کلرسیداں کی یونین کونسل غزن آباد میں آگیا۔اس صورتحال میں یونین کونسل دکھالی سے تقریبا ڈیڑھ ہزار ووٹ نکلے اور ڈھائی ہزار سے زائد ووٹ یونین کونسل دکھالی میں منتقل ہوئے۔ آمدہ بلدیاتی انتخابات میں یونین کونسل دکھالی سے قریب چار پینل حصہ لے رہے ہیں۔ ان میں حلقہ پٹوار بھورہ حیال سے چئیرمین کے امیدوار نمبردار راجہ سعید افضل ہیں جبکہ ان کے ساتھ وائس چئیرمین حلقہ پٹوار سروٹ سے معروف سماجی و کاروباری شخصیت ملک یاسین ہیں۔دوسری جانب دو بار کے سابقہ ناظم راجہ صدیق بھی پھر سے لنگوٹ کس کے میدان میں اتر چکے ہیں۔راجہ صدیق کے متوقع وائس چیئرمین پٹوار سرکل دکھالی کے سابق تھانیدار راجہ آزاد ہیں۔ راجہ آزاد سابق نائب ناظم راجہ نسیم اختر کے رشتہ میں ماموں ہیں۔ہر بلدیاتی حصہ لینے والے اور چیئرمین مسلم لیگ ن سینیٹر راجہ ظفر الحق کے قریبی رشتہ دار راجہ تجرب بھی میدان میں ہیں۔راجہ تجرب اس سے قبل مشرف دور کے دونوں بلدیاتی انتخابات میں راجہ صدیق سے ناظم کی نشست پر شکست کھا چکے ہیں۔ راجہ تجر ب کا تعلق حلقہ پٹوار سروٹ سے ہے۔راجہ تجرب کے متوقع وائس چیئرمین صوبیدار راجہ اورنگ زیب ہوں گے راجہ اورنگ زیب کا تعلق حلقہ پٹوار دکھالی سے ہے۔چیئرمین کے چوتھے امیدوار سابق کونسلر راجہ شوکت ہیں ۔ راجہ شوکت کا تعلق حلقہ پٹوار سروٹ سے ہے۔ راجہ شوکت نے سابقہ بلدیاتی میں سترہ سو سے زائد ریکارڈ ووٹ لے کے کونسلر کی نشست جیتی تھی۔ راجہ شوکت کے وائس چیئرمین کے لئے راجہ شاہد ہو سکتے ہیں راجہ شاہد کا تعلق بھی حلقہ پٹوار دکھالی سے ہے۔اگر ٹکٹ کی بات کی جائے تو مسلم لیگ ن کا ٹکٹ راجہ تجرب ہی حاصل کریں گے۔بادی النظر سے دیکھا جائے تو نمبردار راجہ سعید افضل اور ملک یاسین کو کچھ مثبت نکات حاصل ہیں۔مثلا حلقہ پٹوار بھورہ حیا ل سے صرف اور صرف نمبردار سعید افضل چیئرمین کے امیدوار ہیں باقی اس علاقہ سے کوئی چیئرمین یا وائس چیئرمین نہیں ہے۔سابق ریکارڈ کو دیکھا جائے تو بطور امیدوار راجہ صدیق یونین کونسل دکھالی سے ناقابل شکست رہے ہیں۔یاد رہے کہ پٹوار حلقہ بھورہ حیال کی آمداور پٹوار حلقہ سدیوٹ کی رفت سے یونین کونسل دکھالی کے سیاسی منظر نامہ کو ہلا کے رکھ دیا ہے۔چار پینل اس وقت میدان میں ہیں چیئرمین شپ کا ’’ہما‘‘کس کے سر بیٹھتا ہے یہ وقت ہی بتائے گا۔{jcomments on}

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں