ایک صحت مند دماغ کے لیے صحت مند جسم کا ہونا ضروری ہے بالخصوص اسکولوں میں نصابی سرگرمیوں کیساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیاں طلبا کی شخصیت اور کردار کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں جسمانی تعلیم نوجوانوں میں نظم ونسق‘ احساس ذمہ داری اور قائدانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی راہ بھی ہموار کرتی ہے ترقی یافتہ ممالک میں تعلیمی سرگرمیوں کیساتھ طلبہ کے لیے کھیلوں کی اہمیت کے پیش نظر ثانوی سطح پر باقاعدہ جسمانی صحت کی تعلیم دی جاتی ہے مگر اسکے برعکس ہمارے ہاں اسکولوں کی سطح پر اکثر والدین اور خود اساتذہ بھی امتحان میں بہترین نتائج کے لیے طلبہ کی غیر نصابی سرگرمیوں کی نسبت نصابی سرگرمیوں پر زیادہ توجہ اور زور دیتے ہیں والدین اور اساتذہ کو ہمیشہ نصاب ختم کرانے کی فکر لاحق رہتی ہے جسکی بنا پر طلباء کی جسمانی نشوونما پر توجہ نہیں دی جاتی اور کھیل کود کو محض بچوں کے وقت کا ضیاع تصور کیاجاتا ہے تاہم ماہرین تعلیم اس بات پر متفق ہیں کہ کھیل بچوں کی ذہنی اور جسمانی نشوونما میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اور تجربات سے ثابت ہوا ہے کہ کھیل بچوں کو صحت مند‘تندرست،توانا اور چست رکھنے میں بہت زیادہ مددگار ثابت ہوتے ہیں کھیل بچوں میں دوستی کرنے کی صلاحیت اور ان میں خود اعتمادی کا جذبہ پیدا کرنے میں بھی خاصے معاون ومددگار ثابت ہوتے ہیں، مشہور مفکرافلاطون کا کہنا ہے کہ بچے کھیل پیدائشی طور پر ورثے میں لے کر آتے ہیں لہٰذا یہ کہنا بے جا نہ ہو گا کہ کھیل کے میدان اور کمرہ جماعت کو یکساں اہمیت حاصل ہے،کھیل طلبا میں نصابی سرگرمیوں کے ساتھ انکی ذہنی وجسمانی نشوونما کے لیے کلیدی اہمیت کے حامل ہیں لہذٰا تعلیمی سرگرمیوں کیساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں کا فروغ بھی ضروری ہے تاہم اس حوالے سے اسکولوں کی سطح پر رواں ماہ 20فروری کو گورنمنٹ بوائز ہائی سکول جند چکوال میں راولپنڈی ایجوکیشن بورڈ کے زیر اہتمام ڈویژن کی سطح پر والی بال کھیل کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا ان مقابلوں میں ضلع راولپنڈی سے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول بھکڑال اور گورنمنٹ بوائز ہائی سکول اراضی خاص کی ٹیموں نے شرکت کی جبکہ ضلع چکوال سے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول جند اور گورنمنٹ بوائز ہائی سکول چکورہ نے حصہ لیا پہلا میچ گورنمنٹ ہائی سکول چکورہ اور گورنمنٹ ہائی سکول اراضی خاص کے مابین ہوا ہائی سکول اراضی خاص کی ٹیم نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے چکورہ ہائی سکول کی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں 2سیٹ سے ہرا دیا،دوسرا میچ میزبان ٹیم ہائی سکول جند چکوال اور گورنمنٹ بوائز ہائی سکول بھکڑال کے مابین کھیلا گیا اس مقابلے میں بھکڑال کی ٹیم فاتح رہی،فائنل میچ گورنمنٹ ہائی سکول اراضی خاص اورگورنمنٹ ہائی سکول بھکڑال کی ٹیموں کے مابین ہوا دلچسپ مقابلے میں پہلے سیٹ میں اراضی خاص کی ٹیم نے بھکڑال کی ٹیم کو 23کے مقابلے میں 25پوائنٹ کے فرق سے جیتا جبکہ دوسرا میچ 29/31سے بھکڑال کی ٹیم جیت گئی تیسرے سیٹ میں 26/24 سے جیتی جبکہ اس مقابلے کا چوتھا سیٹ سنسنی خیز مقابلے کے بعد گورنمنٹ ہائی سکول اراضی خاص نے 25/23سے جیت کر ڈویژنل لیول کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا فیصلہ کن میچ کے دوران میزبان ٹیم کے علاوہ اہلیان علاقے کی ایک بڑی تعداد اس میچ سے لطف اندوز ہوئی اور فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیموں کو بہترین کھیل پیش کرنے پر دل کھول کر خوب داد دی گورنمنٹ ہائی سکول اراضی خاص کی فائنل جیتنے والی ٹیم کے کھلاڑیوں میں کپتان محمد قدیر جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد عماد، جبران، محمد فہد، دانیال،فخرعباس اورسعد اختر شامل ہیں گورنمنٹ بوائز ہائی سکول اراضی خاص کی والی بال ٹیم کا فائنل جیت کر ڈویژن لیول کا ایوارڈ اپنے نام کرنے پر اہلیان علاقے نے خوشی کا اظہار کیا ہے اور پنڈی پوسٹ کیساتھ بات چیت کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اکثریت کا یہ کہنا تھا کہ اراضی سکول کی والی بال کی ٹیم ایک طویل عرصے کے بعد ڈویژن لیول کا ایونٹ جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے اہل علاقہ کے کھیل سے شغف رکھنے والی شخصیات کے علاوہ سیاسی و سماجی حلقوں نے ٹیم کی شاندار کارکردگی پر اساتذہ اور ٹیم کے کھلاڑیوں کی خوب تعریف کی ہے انہوں نے اس تمنا کا بھی اظہار کیا ہے کہ مستقبل میں بھی گورنمنٹ ہائی سکول کے اساتذہ اور طلباء تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ کے ساتھ کھیل کے میدان میں بھی سکول کا نام روشن کرتے رہیں گے پنڈی پوسٹ کی تمام صحافتی برادری کیجانب سے بھی ٹیم کے کھلاڑیوں ٹیم منیجر عماد کیانی،سلیکٹر حامد محمود،ہیڈ کوچ محمد شہزاد،کوچ اینڈ سپورٹس ٹیچر محمد رضوان راجا کو سکول والی بال ٹیم کی ڈویژن لیول کا اعزاز حاصل کرنے پر تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
103