راولپنڈی کے علاقے روات میں گاڑی چھین کر فرار ہونے والے ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان مبینہ مقابلے کے دوران بین الصوبائی کار چور گینگ کا اہم رکن ہلاک ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق ملزمان ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے گاڑی چھین کر فرار ہو رہے تھے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ اور تھانہ روات پولیس کی ٹیموں نے ناکہ بندی کر رکھی تھی۔ پولیس کے روکنے پر ملزمان نے فائرنگ شروع کردی، جس پر جوابی کارروائی کی گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران ملزمان گاڑی چھوڑ کر اندھیرے میں فرار ہو گئے، تاہم گینگ کا اہم رکن موقع پر ہی مارا گیا۔ ہلاک ملزم کی شناخت بین الصوبائی کار چور گینگ کے سربراہ اصف اقبال عرف جنان کے نام سے ہوئی ہے، جو بلال ثابت گینگ کا رکن تھا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ملزم اغواء برائے تاوان، کار چوری اور ڈکیتی سمیت متعدد مقدمات میں مطلوب اور ریکارڈ یافتہ تھا۔ ہلاک ملزم کی لاش کو ضروری کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ فرار ہونے والے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔