راولپنڈی (کرائم رپورٹر) تھانہ نصیر آباد کی حدود میں ایک افسوسناک اور سنگین نوعیت کا گھریلو تشدد کا واقعہ پیش آیا جہاں تنویر اختر نامی شخص نے گھریلو تنازع کے دوران اپنی بیوی اور ساس پر نہ صرف بہیمانہ تشدد کیا بلکہ انہیں آگ لگانے کی کوشش بھی کی۔ پولیس کی بروقت کارروائی نے ایک ممکنہ المیہ رونما ہونے سے پہلے ہی روک دیا۔
ذرائع کے مطابق، متاثرہ خاتون نے فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر کال کر کے مدد طلب کی۔ اطلاع ملتے ہی نصیر آباد پولیس نے فوراً موقع پر پہنچ کر کارروائی کی اور ملزم کو گرفتار کر لیا۔ اہلِ علاقہ کے مطابق، ملزم نے پہلے دونوں خواتین سے جھگڑا کیا، انہیں زد و کوب کیا اور بعد ازاں آگ لگانے کی کوشش کی، جس سے خواتین کی جان کو شدید خطرہ لاحق ہو گیا تھا۔
متاثرہ خواتین کی جانب سے تھانے میں تحریری درخواست بھی جمع کرا دی گئی ہے، جس میں واقعے کی مکمل تفصیل، تشدد کے پہلو، اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کا ذکر موجود ہے۔ پولیس نے درخواست موصول ہونے کے بعد واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق، معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ متاثرہ خواتین کو قانونی تحفظ کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔