کلرسیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) چوکپنڈوڑی بھکڑال روڈ پر واقع پلی ٹوٹ پھوٹ کا شکار، شہریوں کا پنجاب ہائی وے اتھارٹی سے فوری ایکشن کا مطالبہ۔ چوکپنڈوڑی بھکڑال روڈ پر مرکزی جامع مسجد گلزارِ حبیب کے قریب کارپٹ روڈ پر واقع پلی ایک بار پھر شدید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی ہے،
جس کے باعث ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہو رہی ہے اور ہر وقت کسی بڑے حادثے کا خدشہ برقرار ہے۔مقامی تاجروں اور اہلیانِ علاقہ کے مطابق یہ پلی بازار کے مرکزی مقام پر واقع ہے جہاں سے ہر وقت شہریوں اور گاڑیوں کا گزر رہتا ہے۔ پلی کے ٹوٹنے سے جہاں پیدل چلنے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے وہیں ٹریفک جام ہونا معمول بن گیا ہے۔
اس حوالے سے انجمنِ تاجران چوکپنڈوڑی کے صدر چودھری محمد عباس، تاجر رہنماء سیٹھ مسعود پرویز، فوکل پرسن ملک انوار حسین، اجمل جنجوعہ، راجہ نعمان، چودھری ابرار، راجہ عنصر، راجہ ندیم، اویس کیانی، راجہ راشد اور دیگر اہلیانِ علاقہ نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے پنجاب ہائی وے اتھارٹی سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ خستہ حال پلی کا فوری نوٹس لیا جائے اور اسے ازسرِ نو تعمیر کیا جائے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پلی کی تعمیر ایسی ہونی چاہیے کہ ایک ہی دفعہ معیاری کام مکمل ہو تاکہ عوام کو مستقل ریلیف مل سکے اور انہیں بار بار کی کوفت سے نجات حاصل ہو۔