شاہ باغ کی نیو آبادی کشمیری ٹاؤن میں بنیادی سہولیات کا فقدان، 200 گھرانے مشکلات کا شکار

شاہ باغ (نمائندہ پنڈی پوسٹ) کلرسیداں روڈ شاہ باغ نزد نیو آبادی کشمیری ٹاؤن میں تقریباً 200 گھرانے آباد ہیں، تاہم بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی اور گلیوں کی انتہائی خراب صورتحال کے باعث اہل علاقہ شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔علاقہ مکینوں کے مطابق گاؤں کی بیشتر گلیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور جگہ جگہ راستے اس قدر خراب ہوچکے ہیں کہ پیدل چلنا بھی دشوار ہے۔ صورتحال اس وقت مزید سنگین ہوجاتی ہے جب کسی مریض کو ہنگامی حالت میں ہسپتال منتقل کرنے کی ضرورت پیش آئے، کیونکہ خراب راستوں کے باعث ایمبولینس کا آبادی کے اندر تک پہنچنا مشکل ہوجاتا ہے۔

مکینوں کا کہنا ہے کہ بارش کے دنوں میں گلیوں میں جگہ جگہ پانی کھڑا ہوجاتا ہے، جس سے نہ صرف آمدورفت متاثر ہوتی ہے بلکہ بچوں کے لیے سکول جانا بھی مشکل ہوجاتا ہے۔ کئی مقامات پر کھڑا گندا پانی مچھروں اور دیگر جراثیم کی افزائش کا سبب بن رہا ہے، جس سے بچوں، خواتین اور بزرگوں میں مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ ہے۔

اہل علاقہ نے کہا کہ تقریباً 200 گھرانوں پر مشتمل آبادی کو بنیادی سہولت کے طور پر بہتر گلیاں اور نکاسی آب کا نظام فراہم کرنا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے، مگر طویل عرصے سے اس جانب کوئی مؤثر توجہ نہیں دی گئی۔

مکینوں نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی، اسسٹنٹ کمشنر کلرسیداں، بلدیاتی حکام اور منتخب نمائندوں سے مطالبہ کیا ہے کہ نیو آبادی کشمیری ٹاؤن کی گلیوں کی فوری تعمیر و مرمت، نکاسی آب کا مستقل انتظام اور بارش کے پانی کی بروقت نکاسی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں، تاکہ اہل علاقہ کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہوسکے۔