کلر سیداں(نمائندہ پنڈی پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے عوام کو سستی اشیائے خورونوش کی فراہمی کے دعوؤں کے باوجود شہری سستے آٹے کے حصول کے لیے پریشان ہیں۔ آٹا ڈیلرز نے اپنی دکانوں کے باہر سستے آٹے کی فراہمی کے بینرز تو آویزاں کر رکھے ہیں، لیکن دکانوں کے اندر آٹا دستیاب نہیں، جس کے باعث شہری مہنگے داموں آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔
شہریوں کے مطابق 15 کلو آٹے کا تھیلا 2300 روپے میں خریدنا پڑ رہا ہے، جس سے مہنگائی کے ستائے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ سستے آٹے کی عدم دستیابی نے حکومتی اقدامات اور متعلقہ محکموں کی کارکردگی پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔شہریوں نے شکایت کی ہے کہ آٹے کی فراہمی اور سرکاری نرخوں پر فروخت یقینی بنانے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر ز اور پیرا فورس کی جانب سے مؤثر کارروائی دکھائی نہیں دے رہی۔
دکانوں کے باہر بینرز آویزاں ہونے کے باوجود آٹے کی عدم دستیابی پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔عوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سستے آٹے کی حقیقی فراہمی یقینی بنائی جائے، آٹا ڈیلرز کے اسٹاک کی جانچ پڑتال کی جائے اور سرکاری نرخوں پر آٹے کی فروخت کے لیے مؤثر نگرانی کا نظام فعال کیا جائے تاکہ عوام کو محض تشہیری دعوؤں کے بجائے عملی ریلیف مل سکے۔