ایشن گیمز: پاکستان ہاکی ٹیم کا ایونٹ میں شاندار آغاز، تھائی لینڈ کو 9-0 سے ہرادیا

(پنڈی پوسٹ نیوز)جاپان کے شہر ایچی نوگویا میں جاری ایشین گیمز 2026 کے ہاکی مقابلوں میں پاکستان نے فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے تھائی لینڈ کو 9-0 سے شکست دے دی۔گروپ بی کے میچ میں قومی ٹیم نے ابتدا ہی سے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور تھائی لینڈ کے دفاع پر مسلسل دباؤ برقرار رکھا۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 گول اسکور کیے، جبکہ تھائی لینڈ کی ٹیم کوئی گول نہ کرسکی۔

اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے گروپ بی میں اپنی مہم کا فاتحانہ آغاز کردیا، گروپ میں پاکستان کے علاوہ ملائیشیا، چین، عمان، ازبکستان اور تھائی لینڈ کی ٹیمیں شامل ہیں۔پاکستان اپنا اگلا میچ 22 ستمبر کو ازبکستان کے خلاف کھیلے گا، جبکہ قومی ٹیم 24 ستمبر کو چین، 26 ستمبر کو ملائیشیا اور 28 ستمبر کو عمان کے مدمقابل ہوگی۔ایشین گیمز 2026 کے ہاکی مقابلے جاپان میں جاری ہیں، جہاں پاکستان کی نظریں گروپ مرحلے میں عمدہ کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے اگلے مرحلے میں جگہ بنانے پر ہیں۔