(پنڈی پوسٹ نیوز)کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے پاکستان کے مایہ ناز مارشل آرٹسٹ شاہ زیب رند نے ایک ہی رات میں مسلسل 3 میچز جیت کر تاریخی ایم ایم اے (MMA) ٹورنامنٹ اپنے نام کر لیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر مداحوں کو خوشخبری سناتے ہوئے لکھا: الحمدللہ، ایک ہی رات میں تینوں حریفوں کو چت کر کے 3-0 سے کامیابی حاصل کر لی۔
پاکستان کے پہلے کراٹے کامبیٹ ورلڈ چیمپئن شاہ زیب رند نے اب روایتی مکسڈ مارشل آرٹس (MMA) میں بھی اپنی دھاک بٹھا دی ہے۔ امریکہ کی ریاست فلوریڈا میں ہونے والے ‘اینٹر دی ہیلو’ (Enter the Halo) ایٹ مین (8-man) ناک آؤٹ ٹورنامنٹ میں انہوں نے ناقابل یقین کارکردگی دکھائی.
پہلا راؤنڈ (ریکارڈ ناک آؤٹ): شاہ زیب نے ٹورنامنٹ کے پہلے ہی میچ میں اپنے حریف کو محض 7 سیکنڈز میں ناک آؤٹ کر کے سب کو حیران کر دیا۔سیمی فائنل اور فائنل: انہوں نے اسی رات مزید دو سخت مقابلے لڑے اور دونوں میں اپنے حریفوں کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کی ٹرافی اور 10,000 ڈالر کی انعامی رقم اپنے نام کی۔