پنج پیر نڑھ سے واپسی پر لڑائی، متعدد افراد یرغمال، پولیس نے بازیاب کرا لیا

کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ ) عید کے دوسرے روز سیاحتی مقام پنج پیر نڑھ کی سیر ایک خاندان کو مہنگی پڑ گئی جہاں ہوٹل پر کھانا تاخیر سے ملنے کے تنازع نے پرتشدد رخ اختیار کر لیا۔

مبینہ فائرنگ اور خنجر کے وار سے ایک نوجوان شدید زخمی ہو گیا۔درکالی شیر شاہی کے رہائشی ارسلان نعیم نے پولیس کو دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ میونسپل کمیٹی کلر سیداں میں ملازم ہے اور عید کے دوسرے روز اپنے حقیقی بھائی سمیت 9 دیگر افراد کے ہمراہ کیری ڈبہ میں پنج پیر نڑھ کی سیر کیلئے گیا تھا۔

واپسی پر وہ ملیاری رتہ میں واقع ایک ہوٹل پر کھانے کیلئے رکے جہاں ہوٹل مالک ظہیر محمود کو کھانے کا آرڈر دیا گیا۔مدعی کے مطابق کھانا غیر معمولی تاخیر سے ملنے پر جب جلدی کھانا فراہم کرنے کا کہا گیا تو ہوٹل مالک اور اس کا بیٹا مشتعل ہو گئے اور تلخ کلامی کے بعد مبینہ طور پر تشدد شروع کر دیا۔ درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزمان نے ان کی گاڑی کا ریڈی ایٹر بھی توڑ دیا جبکہ عاقب ظہیر نے تیز دھار خنجر کے وار کر کے اس کے بھائی کو شدید زخمی کر دیا۔مدعی کے مطابق زخمی نوجوان کو مبینہ طور پر گہری کھائی میں بھی دھکیل دیا گیا جس کے باعث اس کا بازو اور ٹانگیں فریکچر ہو گئیں۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ملزمان نے ہوائی فائرنگ بھی کی جس سے موقع پر موجود افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ارسلان نعیم کے مطابق واقعہ کے بعد ریسکیو 15 کو اطلاع دی گئی جبکہ ملزمان نے مبینہ طور پر موبائل فونز کے ذریعے اپنے 15 سے 20 ساتھی موقع پر بلا لیے اور ان کے ساتھیوں کو یرغمال بنا لیا۔

بعد ازاں پولیس موقع پر پہنچی اور یرغمال بنائے گئے افراد کو آزاد کروایا۔پولیس نے درخواست موصول ہونے کے بعد مقدمہ درج کر کے واقعہ کی تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ زخمی نوجوان کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔