راولپنڈی: راولپنڈی پولیس نے ڈکیتی، موٹر سائیکل اور رکشہ چوری کی بڑھتی وارداتوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مختلف کارروائیوں میں 3 گینگز کے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران 5 مسروقہ موٹر سائیکل اور رکشہ برآمد کر لیے گئے جبکہ چھینی گئی رقم 23 ہزار 500 روپے اور اسلحہ بھی قبضے میں لے لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی پولیس کے تھانہ صادق آباد نے موٹر سائیکل چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث 2 رکنی گینگ کو گرفتار کیا۔ ملزمان کے قبضے سے 2 مسروقہ موٹر سائیکل، 23 ہزار 500 روپے نقدی اور اسلحہ برآمد کیا گیا۔
اسی طرح تھانہ آر اے بازار پولیس نے رکشہ چوری کی واردات میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر کے مسروقہ رکشہ برآمد کر لیا۔
مزید برآں تھانہ مورگاہ پولیس نے موٹر سائیکل چوری میں ملوث ایک اور ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 3 مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کیے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کر کے انہیں عدالت میں چالان کیا جائے گا، جبکہ شہریوں کے جان و مال پر حملہ کرنے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جرائم پیشہ افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
Discover more from pindipost.pk
Subscribe to get the latest posts sent to your email.