کلر سیداں عدالت کا بڑا فیصلہ، قتل کیس میں ایک مجرم کو عمر قید، چار ملزمان بری

کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کلر سیداں جہانگیر علی گوندل کی عدالت نے مظہر حسین عرف ملکو قتل کیس کے مقدمہ کا فیصلہ سناتے ہوئے نامزد مجرم محمد الیاس ولد محمد یونس سکنہ دوبیرن کلاں کو دفعہ 302(b) تعزیرات پاکستان کے تحت قصوروار قرار دیتے ہوئے عمر قید کی سزا اور پانچ لاکھ روپے بطور معاوضہ ادا کرنے کا حکم جاری کیا۔

جبکہ دیگر چار ملزمان عدنان ، توقیر خالد ، خان نجیب اللہ اور وقار شاعر کو جرم ثابت نہ ہونے پر شک کا فاہدہ دیتے ہوئے مقدمے سے بری کر دیا گیا ہے۔ مقدمہ کی سماعت مکمل ہونے کے بعد فاضل عدالت نے گواہوں کے بیانات، شواہد اور وکلاء کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا ۔فیصلے کے مطابق مجرم محمد الیاس، مقتول مظہر حسین کے قانونی ورثاء کو پانچ لاکھ روپے بطور معاوضہ ادا کرے گا جو ضابطہ فوجداری کی دفعہ 544-A کے تحت مقرر کیا گیا ہے۔

فیصلے کے مطابق اگر مجرم معاوضہ کی رقم ادا نہ کر سکا تو اسے مزید چھ ماہ قیدِ سادہ بھگتنا ہو گی جبکہ معاوضہ کی رقم عدم ادائیگی کی صورت میں بقایاجاتِ مال کے طور پر وصول کی جائے گی۔ عدالت نے حکم دیا کہ مجرم کو سزا پر عملدرآمد کے لیے سنٹرل جیل راولپنڈی منتقل کر دیا جائے۔ملزم محمد الیاس کی جانب سے راجہ خالد محبوب ایڈووکیٹ جبکہ دیگر ملزمان کی جانب سے احسان خان کیانی ایڈووکیٹ نے دلائل دہئے۔