جاتلی: نامعلوم افراد کا نوجوان پر قاتلانہ حملہ، سر پر کلہاڑیوں کے وار کر کے قتل

تھانہ جاتلی کے علاقے میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں نامعلوم ملزم یا ملزمان نے ایک نوجوان کو بے دردی سے قتل کر دیا۔ ذرائع کے مطابق زاہد ولد طالب حسین راجہ، جو راجہ شیر دل کا بھتیجا بتایا جاتا ہے، اپنے کھیتوں میں چارہ کاٹنے کے لیے گیا ہوا تھا کہ اس دوران نامعلوم افراد نے اس پر اچانک حملہ کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان نے زاہد کے سر پر کلہاڑیوں کے پے در پے وار کیے جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے جبکہ نامعلوم ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ابتدائی طور پر قتل کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی، تاہم ذرائع کے مطابق پرانی دشمنی سمیت دیگر پہلوؤں پر بھی تحقیقات جاری ہیں۔
علاقے میں افسوس اور خوف و ہراس کی فضا پائی جاتی ہے جبکہ اہل خانہ نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فوری گرفتار کر کے سخت سے سخت سزا دی جائے۔