کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) کلر سیداں تجاوزات کے خلاف کارروائی، عوامی حلقوں کا امتیازی سلوک پر شدید احتجاج۔تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں شبانہ نذیر کی ہدایت پر انسپکٹر اینٹی انکروچمنٹ نے چوآ روڈ پر تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چار ٹھیہ مالکان کے خلاف استغاثے مرتب کر کے تھانے بھجوا دیے، جس کے بعد تھانہ کلر سیداں پولیس نے مقدمات درج کر لیے۔
تاہم، نالہ کانسی، سابقہ منڈی مویشیوں کے قریب روڈ اور دیگر اہم علاقوں میں سبزی، فروٹ اور مچھلی فروشوں نے کئی دنوں سے ٹھیے لگا رکھے ہیں اور مرید چوک بیول روڈ پر بھی ریڑھی بانوں نے قبضہ جما رکھا ہے، جن کے خلاف ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
عوامی حلقوں نے اس سلسلے میں امتیازی سلوک پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی فوری نوٹس لیں اور تجاوزات مافیا کے خلاف بلا تفریق اور یکساں کارروائی یقینی بنائی جائے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ تجاوزات کی غیر مساوی کارروائی سے شہری زندگی متاثر ہو رہی ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر اعتماد کم ہو رہا ہے۔