120

روات میں سبزی منڈی کا قیام

30 اکتوبر کو روات سے کچھ ہی فرلانگ کے فاصلے پر جی ٹی روڈ چک بیلی موڑ کے مدمقابل مشرق کی جانب کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے قائم کی جانے والی سبزی فروٹ منڈی کا افتتاح کر دیا تھا اس موقع پر انہوں نے بڑے آڑھتی و تاجر برادری سے اپیل کی کہ وہ نئی قائم کی جانے والی منڈی کو کامیاب بنانے کے لئے انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کریں روات سے کچھ ہی فرلانگ پر قائم سبزی و فروٹ منڈی کے قیام سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو گا اور اردگرد کے دیہات و مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر ہوں گے گزشتہ ہفتے بطور نمائندہ پنڈی پوسٹ اس قائم کی جانے والی منڈی کا دورہ کیا حاصل شدہ معلومات کے مطابق یہ منڈی 15 سے 20 کنال کی جگہ پر قائم کی جارہی ہے اور لگ بھگ 50 آڑھتیوں کے لئے کاروباری سرگرمیوں کیلئے جگہ مختص کی جا رہی ہے جبکہ نئے شیڈ وغیرہ کی تعمیر کیلئے بھی کام ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے منڈی سے متصل مرکزی سڑک اور لنک روڈز کی تعمیرو مرمت کا کام بھی جاری ہے تاکہ گاڑیوں اور خریداروں کی آمدورفت میں آسانی رہے منڈی میں تجارتی سرگرمیوں کا آغاز ہو چکا ہے منڈی میں داخل ہوتے ہی مرکزی سڑک کے دونوں اطراف سبزی اور فروٹ کی دوکانیں سجی ہیں اور اردگرد کے دیہات سے مردوخواتین سبزی اور فروٹ کی خریداری میں مگن نظر آرہے تھے

پرچون کے لحاظ سے بھی سبزی اور فروٹ کے ریٹ عام بازار کی نسبت کم تھے ٹماٹر بازار میں فی کلو 200 اور 150روپے میں فروخت ہو رہے ہیں جبکہ منڈی میں ٹماٹر کا ریٹ 100روپے کلو تھا اسی طرح پیاز بازار میں ساڑھے پانچ سو کے پانچ کلو مل رہے ہیں جبکہ منڈی میں پانچ کلو پیاز کا ریٹ پانچ سو روپے تھا اسی نسبت سے دیگر سبزیاں اور فروٹ بھی بازار کے مقابلے میں کم قیمت پر دستیاب تھے،روات کے مقام پر قائم کی جانے یہ منڈی مستقبل قریب میں کاروباری سرگرمیوں کے حوالے سے علاقے میں ایک اہم مرکز ثابت ہو گی کیونکہ کلرسیداں‘ چوکپنڈوری‘ شاہ باغ‘ سردار مارکیٹ‘ مانکیالہ‘ مندرہ اور روات کی تاجر برادری جو مرغ کی پہلی اذان کیساتھ نیند سے بیدار ہو کر راولپنڈی سبزی منڈی کا رخ کرتی تھی

اب انہیں گھر کی دہلیز پر یہ تمام سہولتیں میسر ہوگی اور انکی روزمرہ سفری مشکلات بھی کم ہونگی تاجر برادری کی راولپنڈی اور اسلام آباد منڈی سے سبزی و فروٹ کی روزمرہ خریداری سے روزانہ آنے جانے پر گاڑی کے کرایہ کی مد میں اٹھنے والے کافی اخراجات برداشت کرنا پڑتے تھے جسکی بنا پر بازار میں عوام کو سبزی اور فروٹ مہنگے داموں ملتا تھا چونکہ روات کے مقام پر قائم ہونے والی منڈی میں ہول سیل یعنی بولی کے زریعے سبزی و فروٹ کی خریداری کرنے والے تاجروں کو گاڑی کے کرائے کی مد میں بھی نہ صرف بچت ہوگی بلکہ انکی سفری مشکلات بھی کم ہونگی تو عین ممکن ہے کہ اس نزدیکی منڈی کی وجہ سے تاجر برادری کے مالی اخراجات میں کمی واقع ہونے کا فائدہ روزمرہ خریداری کیلئے بازاروں کا رخ کرنے والی عام عوام کو بھی پہنچے گا اس سے قبل ہفتے سوموار کے دن کلرسیداں میں جبکہ بدھ کے روز روات منڈی لگتی ہے مگر ان منڈیوں میں سبزی و فروٹ کے ریٹ میں عوام کیلئے کوئی بڑا ریلیف میسر نہیں ہے تاہم نئی بڑی سبزی و فروٹ منڈی کے قیام سے روات وکلرسیداں کی کثیر آبادی مستفید ہوگی اور روات کے گردونواح و مضافات اور کلرسیداں کے دور دراز کے بازاروں اور علاقوں میں سبزی وفروٹ کی سپلائی کرنے والوں کو بھی آسانی ہوگی

موجودہ دور میں بازاروں میں سبزی و فروٹ کی فروخت کی دوکانیں ریڑھی بان اور ٹھیلے دستیاب ہیں مگر اب سوزوکی اور موٹر سائیکل پر بھی سبزی فروٹ بیچنے کا ٹرینڈ بھی چل پڑا ہے لہذٰا چک بیلی موڑ پر قائم ہونے والی منڈی سوزوکی اور موٹر سائیکل سوار سبزی فروشوں کیلئے کسی نعمت سے کم نہیں کم وقت کم خرچ میں انکے لیے منافع کی شرح میں اضافے کے امکانات موجود ہیں چونکہ روات چک بیلی موڑ تحصیل کلرسیداں و مندرہ کی عوام کیلئے ایک موزوں جگہ کا انتخاب ہے جہاں لمبے عرصے سے سبزی و فروٹ منڈی کی اشد ضرورت تھی جسکی حال ہی میں تکمیل ہوئی ہے منڈی کے قیام سے مقامی لوگوں کو روزگار ملے گا جبکہ کلرسیداں اور دور دراز کے لوگوں کو جو اسلام آباد سبزی و فروٹ منڈی جانے کے لیے بہت لمبا سفر کرنا پرتا تھا ان مشکلات کا بھی ازالہ کرنا ہوگا۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں