174

ایم این اے قمرالسلام راجہ کا کلرسیداں میں مختلف امتحانی مراکز کا دورہ

راولپنڈی (نمائندہ پنڈی پوسٹ) انجینئر راجہ قمر الاسلام ممبر نیشنل اسمبلی و چیئرمین کوآرڈینیشن کمیٹی ضلع راولپنڈی نے چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی، محمدعدنان خان اور کنٹرولر امتحانات پروفیسر ساجد محمود فاروقی کے ہمراہ امتحان انٹرمیڈیٹ فرسٹ اینول2024ء کے سلسلہ میں گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج کلر سیداں،گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کلر سیداں،گورنمنٹ ایسو سی ایٹ کالج فار وویمن کلر سیداں،آلائیڈہائیر سیکنڈری سکول فاربوائزگرلز دوبیرن روڈ کلر سیداں، کے سرپرائز وزٹ کیے۔

وزٹ کے دوران انہوں نے تعلیمی بورڈ‘راولپنڈی کی طرف سے کئے گئے انتظامات کا مکمل جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔چیئرمین تعلیمی بورڈ، راولپنڈی محمد عدنان خان نے انجینئر راجہ قمر الاسلام کو انتظامات کے متعلق بریف کیا کہ ضلع انتظامیہ کے ساتھ مل کراور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے تمام امتحانی مراکز کی مؤثر اور جامع نگرانی کی جارہی ہے۔

تمام امتحانی مراکز میں دفعہ 144کا نفاذ ہے۔ بوٹی مافیا کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔تمام امتحانی مراکز کی رپورٹس روزانہ کی بنیاد پر ڈسٹرکٹ ویجیلنس کمیٹی، موبائل انسپکٹراور ضلع انتظامیہ کے افسران بورڈ کو ارسال کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق اور حکومتِ پنجاب کی ہدایت کی روشنی میں میرٹ اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جارہا۔

بریفنگ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انجینئر راجہ قمرالاسلام نے چیئرمین تعلیمی بورڈ، راولپنڈی محمد عدنان خان اور کنٹرولر امتحانات پروفیسر ساجد محمود فاروقی کی کاوشوں کو سراہا انہوں نے کہا کہ یہ طلباء اس ملک کا سرمایہ ہیں اور آنے والے دور میں انہوں نے ملک کی بھاگ دوڑ سنبھالنی ہے اس لئے ان کو بہترین امتحانی سہولیات فراہم کرنا بورڈ کی ذمہ داری ہے۔

مزید برآں چیئرمین تعلیمی بورڈ، راولپنڈی نے سیکنڈ ٹائم گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین جہلم (سینٹر اے، بی)،گورنمنٹ خواتین کالج سول لائن جہلم،گورنمنٹ بوائز ایسو سی ایٹ کالج ٹالیاں والا جہلم،گورنمنٹ ایسو سی ایٹ کالج جی ٹی روڈ جہلم کے دورے کئے۔ سیکرٹری تعلیمی بورڈ، راولپنڈی پروفیسر آصف حسین نے بھی گوجر خان ایسو سی ایٹ کالج فار گرلز، اقراء ہائیر سیکنڈری سکول فار گرلز گوجر خان،سرور شہید نشانِ حیدر گوجر خان کا دورہ کیا۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں