گو جرخان کے ادبی زون فکشن ہاوس گوجرخان میں قائم ”گوجرخان ٹی ہاوس‘‘ میں گزشتہ سال کے ماہ دسمبر سے ہر اتوار کے دن گیارہ سے بارہ بجے تک ایک خوبصورت ادبی محفل کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس کے ملک معروف ادیب افسانہ نگار حکیم عبدالرؤف کیانی ہیں جبکہ ان تمام ادبی محافل کے انعقاد کا انتظام وانصرام اور میزبانی کے فرائض معروف ماہر تعلیم،خطاط و مصور چیف ایڈیٹر وائس آف پوٹھوہار مبین مرزا ادا کر تے ہیں
اس بار ان ادبی محافل میں ان بزرگ اہل قلم کو خراج تحسین پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا جو حیات ہیں اوراپنے قلم سے اچھے افکار و خیالات کی جولانیاں بکھیر رہے ہیں اکثر ایسا ہوتا ہے کہ ایسے مشہور و معر و ف شخصیات کو بعد از مرگ خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے۔ گوجرخان ٹی ہاوس کے پروگرام ”خراج تحسین“ میں اس دفعہ خطہ پوٹھوہار کی ادبی دنیا کی مشہور ومعروف ادبی شخصیت جناب زمان اختر مہمان خصوصی تھے۔
آپ کاتعلق تحصیل سوہاوہ ضلع جہلم سے ہے،آپ نے اپنی مادری زبان پوٹھوہاری میں شاعری کی اور دنیا بھر میں بسنے والے کروڑوں پوٹھوہاریوں کے لئے ایسی ایسی خوبصورت نظمیں لکھیں جو زبان زد عام ہوئیں۔ آپ کی سب سے مشہور نظم ”پنج پتراں نی ماء“ہے جس میں آپ نے ایک ایسی لاوارث ماں کی در د بھری اور اور دکھ بھری زندگی کی عکاسی کی ہے
جس کے پانچ صاحب حیثیت بیٹے ہیں لیکن اس ماں کے پاس نہ رہنے کو کوئی ٹھکانہ ہے نہ ہی کھانے پینے کا کوئی بندوبست، یہ نظم ہمارے معاشرے کے ایک الم ناک روپ کا پردہ چاک کرتی نظر آتی ہے۔ اسی نظم کے تناظر میں اس محفل میں اولڈ ہاوس میں رہنے والے انبوڑھے بزرگوں کو بطور مہمان اعزاز اس تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی جن کو ان کے اپنوں نے گھروں سے نکال دیا تھا۔ اخترزمان صاحب جب اپنے پوتے کے خضر احمد کے ہمراہ تقریب میں پہنچے تو نہایت گرمجوشی سے ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا ان کو پھولوں کی مالا پہنائی گئیں
، تقریب کے میزبان مبین مرزا نے آنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور اپنے نئے پروگرام”خراج تحسین“کی غرض و غایت پیش کی جسے تمام حاضرین نے بہت سراہا،تلاوت کلام پاک پیش کرنے کی سعادت صدارتی ایوارڈ یافتہ ادیب قمر محمود عبداللہ نے حاصل کی،نعت رسول صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کرنے کی سعادت مبین مرزا نے حاصل کی،
قمر محمود عبداللہ نے اخترزمان کی زندگی و شاعری پر بڑا خوبصورت مضمون پیش کیا اس کے بعد مشہور شاعر مرزا غفور الہی،راجہ جلیل کیانی،اصغر علی شاہد،سید ثاقب امام رضوی،مبین مرزا اور بشارت محمود مرزا نے زمان اختر کو اپنے اپنے الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا،اولڈ ہاوس سے تشریف لائے
بزرگوں کی نمائندگی چکوال کے بزرگ جناب ذاکر صاحب نے کی انھوں نے کہا کہ آج کا دن انکی کی زندگی کے خو بصو ر ت ترین اور یادگار ترین دن ہے کہ آج گوجرخان ٹی ہاوس نے ان کو اپنے گھر کے فرد کا درجہ دیتے ہوئے ہم سب کی عزت افزائی کی،جبکہ انکے منیجر جناب افضال صاحب نے خصوصی طور پر مبین مرزا،نوید مرزا اور حکیم عبدالروف کیانی کا شکریہ ادا کیا۔زمان اختر کی مشہور زمانہ نظم ”پنج پُتراں نی ماء“ جب مبین مرزا نے اپنے مخصوص لب و لہجہ کے ساتھ سنائی تو اس نظم کے تاثر سے ہر آنکھ پر نم تھی،جناب ثاقب امام رضوی نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے اس نظم کو وقت کا نوحہ قرار دیا۔
گوجرخان ٹی ہاوس کی جانب سے جناب زمان اختر صاحب کو حکیم عبدالروف کیانی اور مبین مرزا نے تعریفی سرٹیفکیٹ پیش کیا۔ مشہور شاعر اور بزنس مین مرزا عبدالغور نے اولڈ ہاؤس کے تمام شرکا کو اپنے ڈیرہ ریسٹورنٹ پر بڑی محبت کے ساتھ کی دعوت دی جو محبت کے ساتھ ہی قبول بھی کی گئی۔جن اہل قلم و سخن شناس احباب نے اس خوبصورت محفل میں شرکت کی ان میں قمر محمود عبداللہ‘ بشارت محمود مرزا‘ سید ثاقب امام رضوی‘ اصغر علی شاہد‘ مرزا غفور الٰہی‘مرزا ہمایوں‘ مرزا ارشد انجم ایڈووکیٹ،محمد نوید مرزا،ڈاکٹر اکرام قریشی،چوہدری سجاد حسین،،منان قمر،ا حمد انجم، صوبیدار مرزا آفتاب احمد،راجہ جلیل کیانی،محمد نوید مرزا،ایم لطیف قریشی،جلال مرزا،چوہدری علی،خضر احمد، احمد انجم،حاجی اعظم،ماسٹر طاہر منیر،چوہدری محمد افضال اور دیگر شامل تھے۔