کلر سیداں اندراجِ پیدائش و وفات پر آگاہی پروگرام۔شہریوں کو ریکارڈ کے قانونی تقاضوں، اہمیت اور آسان اندراج کے طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا

کلرسیداں (یاسر ملک)
ٹی ایم اے میں اندراجِ پیدائش و وفات پر آگاہی پروگرام۔شہریوں کو ریکارڈ کے قانونی تقاضوں، اہمیت اور آسان اندراج کے طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا، ایک سال کے لیے فیس معافی کا اعلان۔جناح ہال میں تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (ٹی ایم اے) کے زیرِ اہتمام اندراجِ پیدائش و وفات کے حوالے سے ایک آگاہی پروگرام منعقد ہوا، جس کا مقصد عوام کو ان ریکارڈز کی قانونی اہمیت، درست اندراج کے مراحل اور سرکاری سہولتوں سے آگاہ کرنا تھا۔ اس پروگرام میں ٹی ایم اے حکام، لوکل گورنمنٹ کے افسران، بلدیاتی نمائندے اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔پروگرام کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ماہم اعجاز نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے اندراجِ پیدائش اور وفات پر ایک سال کے لیے فیس مکمل طور پر معاف کر دی گئی ہے۔ ایک سے سات سال کی عمر تک کے بچوں کا پیدائش کا اندراج بلا معاوضہ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ عدالت کی ڈگری کو اب براہِ راست اسسٹنٹ ڈائریکٹر نوٹیفائی کریں گے تاکہ شہریوں کا وقت اور اخراجات بچ سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے حصول کا عمل بھی مزید آسان بنا دیا گیا ہے۔اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی راجہ صغیر احمد نے کہا کہ ایک سال تک کے اندراج کا اختیار سیکرٹری کے پاس ہے، جبکہ سات سال تک کے اندراج کی منظوری کا اختیار اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہی وہ جماعت ہے جو ملک بنانے اور چلانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ میں عوام کے دکھ درد کو سمجھتا ہوں اور بالخصوص غریب طبقے کے لیے آسانیاں پیدا کرنا اپنی ترجیح سمجھتا ہوں۔