297

پریس کلب چوکپنڈوڑی کی تقریب حلف برداری

چوکپنڈوری اپنے محل وقوع اور ثقافتی و ادبی حوالہ سے پورے پوٹھوہار و کشمیر کوہسار میں اپنا منفرد اور ممتاز مقام رکھتا ہے گو کہ اس چوک نے شعبہ ہائے زندگی میں بیشمار شخصیات کو بام عروج پر پہنچایا جس میں ادبی ثقافتی سماجی سیاسی اور مذہبی شخصیات شامل ہیں لیکن ان میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرنے والے افراد صحافی ہیں جن کی تعداد تو محدود رہی ہے لیکن چوکپنڈوری کے صحافیوں نے کبھی متعصبانہ رویوں کو پروان نہیں چڑھایا

بلکہ ہمیشہ باوثوق اور مثبت خبروں پر مبنی صحافت کی اس میں اولین نام چوکپنڈوری سے متصل گاؤں بھکڑال کے ماہر اور معروف قانون دان راجہ محمد بشیر مرحوم کے فرزند اصغر ناصر بشیر راجہ مرحوم کا ہے جن کی شبانہ روز کاوشوں سے آج چوک پنڈوری کے صحافیوں کو ان کی وفات کے بعد ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر ”پریس کلب چوکپنڈوری” کی تشکیل کر کے ان کے اس خواب کی تعبیر پانے کا موقع میسر آیا ہے گزشتہ ماہ ایک میٹنگ میں عبوری کابینہ تشکیل دی گئی جس نے ایک ماہ کے قلیل وقت میں قانونی ضابطے کے تحت الیکشن کروائے

جس میں تمام عہدوں پر انتخابات کا عمل مکمل ہوا اس کے بعد چوکپنڈوری کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پریس کلب نے باقاعدہ تقریب حلف برداری کے بعد اپنے فرائض منصبی انجام دینے شروع کر دئیے گو کہ اس سارے عمل میں کُچھ کوتاہیاں دیکھنے میں ملیں لیکن اس سارے معاملے کا فائدہ بہرحال چوکپنڈوری کو اگلے وقتوں میں ضرور ہو گا۔

نو منتخب عہدیداران خاص کر صدر راجہ راشد سلطان جنرل سیکرٹری راجہ غلام قنبر اور سنئیر نائب صدر بدر بشیر بدر کو پریس کلب کے حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے شہر کی تمام تنظیموں کے ساتھ مل کر شہر کے مسائل کو اجاگر کرنا چاہیے تاکہ تحصیل کلرسیداں کے دوسرے بڑے تجارتی و کاروباری اور ادبی ثقافتی مرکز کی مجموعی محرومی کو دور کیا جا سکے۔تین جولائی کو ایک پروقار تقریب حلف برداری کا انعقاد عالم مارکیٹ کے بیسمنٹ میں کیا گیا

جس میں مہمانانِ خصوصی اسسٹنٹ کمشنر کلرسیداں اشتیاق اللہ خان نیازی اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی تھے جب کہ ان کے ساتھ سیاسی سماجی اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے درجنوں افراد نے شرکت کی۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر اشتیاق اللہ نیازی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چوک پنڈوڑی کے صحافی یہاں کے مسائل حل کرنے کے لیے سامنے آئیں اور صف اول کا کردار ادا کریں ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے صحافی کا کام مسائل کی نشاندہی کرنا ہوتا ہے اور انتظامیہ اس سلسلے میں مسائل حل کرنے کی ذمہ دار ہوتی ہے

مجھے یقین ہے کہ یہاں کے صحافی مثبت صحافت کو پروان چڑھائیں گے اور علاقہ کے مسائل کو سامنے لانے میں اپنے قلم کا استعمال کریں گے۔تقریب میں چیف ایڈیٹر پنڈی پوسٹ عبدالخطیب چوہدری‘سابق چیئرمین زبیر کیانی‘سابق وائس چیئرمین ظفر عباس مغل‘سابق وائس چیئرمین مناظر اقبال جنجوعہ‘راجہ عمیر ایڈووکیٹ‘مدثر حفیظ بھٹی ایڈووکیٹ‘ڈاکٹر محمد رشید‘راجہ عبدالکریم ناز کے علاوہ شہرکے تاجروں اور علاقہ بھر کی سیاسی وسماجی شخصیات نے شرکت کر کے تقریب کو یادگار بنا دیا۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں