اسلام آباد (نمائندہ پنڈی پوسٹ حافظ عزیر شفیق بھٹی)
وفاقی حکومت نے ملک کی تاریخ میں ایک یادگار اور عظیم کامیابی، معرکہ حق میں تاریخی فتح کے موقع پر جمعہ، 16 مئی کو یوم تشکر منانے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس دن کو پورے جوش و خروش سے منایا جائے گا تاکہ افواجِ پاکستان اور پوری قوم کے جذبۂ ایمانی اور حب الوطنی کو خراج تحسین پیش کیا جا سکے۔
یوم تشکر کی تقریبات کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں سے ہو گا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔
اسی دن مزارِ قائد کراچی اور مزارِ اقبال لاہور پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقاریب منعقد ہوں گی۔ ملک بھر میں یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے جائیں گے اور شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے دعائیں کی جائیں گی۔
یوم تشکر کی مرکزی تقریب آج رات اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی، جس میں اہم عسکری و سیاسی رہنما شریک ہوں گے۔
حکومت اور عوام کی جانب سے تمام شہریوں سے گزارش ہے کہ اگر آپ کے علاقے میں افواجِ پاکستان کے کیمپ یا مراکز موجود ہوں تو وہاں ضرور جائیں، اور افواج پاکستان کے مجاہدین کو پھول پیش کر کے ان کی قربانیوں کا شکریہ ادا کریں۔